سعودی عرب کا پاکستان سے اظہار یکجہتی، بزدلانہ دہشت گرد حملوں کی مذمت
پاکستان میں مستونگ اور ہنگو میں خودکش حملوں میں 57 افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت خارجہ نے پاکستان کے صوبوں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں جمعے کو بزدلانہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے جس میں متعدد بے گناہ افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں سعودی عرب کے اس ٹھوس موقف کو دہرایا جس میں دنیا میں کہیں بھی تشدد اور دہشت گردی کو مسترد کرنے پر زور دیا گیا۔
بیان میں سعودی عرب نے مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ’اس اہم واقعہ پر پاکستان اور اس کے برادر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔
وزارت خارجہ نے بیان میں متاثرین کے اہل خانہ، حکومت اور پاکستان کے برادر عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں جمعے کو مستونگ اور ہنگو میں خودکش حملوں میں 57 افراد ہلاک اور 92 زخمی ہوئے ہیں۔
جمعے کو صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے لیے جمع ہونے والے افراد کے قریب خودکش حملہ ہوا جس میں کم از کم 52 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی ایک مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں پانچ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکہ مسجد میں جمعے کے خطبے کے دوران ہوا جس سے مسجد منہدم ہو گئی۔ اس وقت مسجد میں 30 سے 40 کے لگ بھگ نمازی موجود تھے۔