Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارا وزن بڑھ جائے گا، کھانے بہت لذیذ ہیں: شاداب خان

اپنی ذاتی فارم کے بارے میں بات کرتے ہوئے آل راؤنڈر کہتے ہیں کہ ’بالکل حالیہ دنوں میں میری فارم اتنی اچھی نہیں تھی، لیکن مجھے ریسٹ ملا ہے۔ (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ انڈیا کی کنڈیشنز پاکستان کی طرح ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کی پچ راولپنڈی جیسی فلیٹ تھی۔
شاداب خان نے اتوار کو حیدرآباد دکن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایئرپورٹ پر ٹیم کا استقبال کیا گیا ہے اور جتنے بھی لوگ ہوٹل کے باہر آتے ہیں تو خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’کرکٹ کے نقطہ نظر سے بطور ٹیم ہمارا ایشیا کپ اچھا نہیں رہا لیکن یہ ہی کرکٹ کا حسن ہے کہ آپ ہمیشہ غلطیوں سے سیکھتے ہیں۔‘
 شاداب خان مزید کہتے ہیں کہ ’کنڈیشنز پاکستان کی طرح ہیں، جو آخری میچ (نیوزی لینڈ کے خلاف حیدرآباد میں وارم اپ) تھا وہ ہمارے راولپنڈی میں فلیٹ پچ، شارٹ باؤنڈری جیسا لگا۔‘
اپنی ذاتی فارم کے بارے میں بات کرتے ہوئے آل راؤنڈر کہتے ہیں کہ ’بالکل حالیہ دنوں میں میری فارم اتنی اچھی نہیں تھی، لیکن مجھے ریسٹ ملا ہے۔ جب آپ زیادہ کرکٹ کھیل رہے ہوتے ہیں اور آپ سے پرفارمنس نہیں ہو رہی ہوتی تو آپ ذہنی طور پر ڈاؤن ہوتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ جو ذہنی تھکاوٹ تھی وہ آرام کے بعد ٹھیک ہوگئی ہے۔ ورلڈ کپ میں نئے مائنڈ سیٹ کے ساتھ کھیلیں گے۔‘
فخر زمان کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ٹیم فخر کو بیک کرے گی اور وہ ایسے پلیئر ہیں جن کا دوسری ٹیم پر امپیکٹ (رعب) ہوتا ہے۔ اُن کی رواں برس ہدف کو حاصل کرتے ہوئے تین سینچریاں ہیں۔ جب بھی وہ بڑے میچ میں پرفارم کرتے ہیں تو ٹیم جیتتی ہے۔
حیدرآباد میں گرین شرٹس کی مہمان نوازی کے بارے میں شاداب خان نے کہا ’جیسی یہاں مہمان نوازی کی گئی ہے، بہت مزہ آیا ہے۔ کھانے تو بہت ہی اچھے ہیں۔ ہماری ٹیم کے سپورٹ سٹاف کے غیر ملکی رُکن بھی کھانوں پر لگ گئے ہیں۔ مجھے لگ رہا ہے ہمارا فیٹ لیول اور وزن بڑھ جائے گا کیونکہ بہت لذیز کھانے ہیں اور بہت مزہ آ رہا ہے۔‘
خیال رہے پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا باقاعدہ آغاز 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا۔
اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 اکتوبر کو حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔

شیئر: