Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکیسن کی تحقیق کرنے والے دو سائنسدانوں کے لیے نوبل پرائز کا اعلان

دونوں سائنسدانوں کی تحقیق نے کورونا ویکسین کی تیاری اور وبا کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ فوٹو: اے پی
عالمی وبا کورونا کی ویکسین بنانے کے کام کو آگے بڑھانے والے سائنسدانوں نے طب کا نوبل پرائز جیت لیا ہے۔
گارڈین اخبار کی رپورٹ کے مطابق سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں قائم رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنس نے کاٹالن کریکو اور ڈریو ویزمین کو مشترکہ طور پر آٹھ لاکھ 23 ہزار یورو کی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
دونوں سائنسدانوں کو سنہ 2023 کا نوبل انعام فزیالوجی یا طب کے شعبے میں اُن کی خدمات کے صلے میں دیا گیا۔ دونوں نے عالمی وبا کورونا کے خلاف مدافعت پیدا کرنے کی ویکیسین بنانے کے لیے تحقیق کی تھی۔
اس تحقیق نے کورونا ویکسین کی تیاری اور وبا کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 
کاٹالن کریکو ہنگری کی ساگان یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں جنہوں نے ڈریو ویزمین کے ساتھ مل کر فلاڈلفیا میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا میں طبی تحقیق کی۔
نوبل پرائز دینے والے پینل نے اپنے بیان میں کہا کہ ’دونوں سائنسدانوں کے غیرمعمولی کام کی بدولت ہمیں یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ ایم آراین اے کیسے ہمارے مدافعتی نظام سے رابطے میں آتے ہیں۔ اس تحقیق نے جدید دور میں انسانی صحت کے لیے سب سے خطرناک ثابت ہونے والی وبا کے خلاف ویکسین کی تیاری کی راہیں کھولیں۔‘

شیئر: