پاکستان آنے والوں کے لیے ایئرپورٹ پر کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ دکھانے کی شرط ختم
اکتوبر 2021 میں پاکستان داخلے پر کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ دکھانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کے لیے کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ دکھانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات کی پالیسی میں تبدیلی کے بعد پاکستان میں داخلے پر ویکسین سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کی گئی ہے۔
پاکستان آنے والے مسافروں کو بورڈنگ سے پہلے یا آمد پر کورونا کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہو گی۔
برطانیہ، خلیجی و دیگر ممالگ سے آنے والے مسافروں میں سے دو فیصد کی سکریننگ بھی ختم کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2021 میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا سے متعلق نئی سفری ہدایات جاری کی تھیں جن کے تحت صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت تھی۔
ہدایات کے مطابق اٹھارہ سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو بیرون ممالک سے پاکستان سفر کرنے پر مکمل ویکسین لگوانے کا ثبوت دکھانا ہوتا تھا جبکہ 18 سال سے کم عمر کے افراد کو بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ کے بھی پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت تھی۔
کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے حکومت نے متعدد حفاظتی اقدامات اٹھائے تھے جن کے تحت سفری ہدایات بھی جاری کی تھیں۔