Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دل دا نئیں ماڑا، تیرا سدھو موسے آلا‘، بابر اعظم کی ویڈیو وائرل

بابر اعظم بدھ کو خصوصی جہاز کے ذریعے حیدرآباد دکن سے احمدآباد آئے تھے جہاں انہوں نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ’کیپٹنز ڈے‘ کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ایک نئی دلچسپ ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ انڈیا میں موجود ایک مداح کے ساتھ پنجابی کے مشہور گیت کے بول دُہرا رہے ہیں۔
 اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم کے ساتھ اُن کے پنجابی مداح موجود ہیں جو اُن سے کچھ پنجابی کے ڈائیلاگ آدھے بولتے ہیں اور پھر انہیں بابر اعظم پورا کرتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مداح پہلے مشہور زمانہ انڈین پنجابی فلم ’کیری آن جٹا‘ کا ڈائیلاگ بولتے ہیں۔
اسی طرح اس کے بعد مداح کی جانب سے اسی پنجابی فلم کا ڈائیلاگ بولا جاتا ہے کہ ’ایڈووکیٹ ڈھلون نے کوٹ ایویں نئیں پایا‘ (یعنی ایڈووکیٹ ڈھلون نے کوٹ ویسے ہی نہیں پہنا)۔‘ 
اس کے جواب میں بابر اعظم دلچسپ انداز میں کہتے ہیں کہ ’رفو کرا کے پایا اے‘ یعنی رفُو کروا کے پہنا ہے۔
اس ویڈیو کے آخر میں بابر اعظم آنجہانی انڈین پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے گانے کا ڈائیلاگ ’دل دا نئیں ماڑا، تیرا سدھو موسے آلا‘ بھی بولتے ہیں۔
 
خیال رہے بابر اعظم بدھ کو خصوصی طیارے کے ذریعے حیدرآباد دکن سے احمدآباد آئے تھے جہاں انہوں نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ’کیپٹنز ڈے‘ کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز جمعے کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدرآباد دکن میں شیڈول میچ سے کرے گا۔

شیئر: