Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کو اب بھی دل کا عارضہ لاحق ہے، میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع

نواز شریف 2019 سے لندن میں مقیم ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔
جمعے کو یہ رپورٹ برطانیہ کے رائل برومپٹن ہسپتال کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ کی جانب سے جاری کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کو اب بھی دل کے عارضے کی علامات ہیں اور ان کو شوگر اور دیگر امراض کی وجہ سے پاکستان اور لندن میں مسلسل فالو اپ کی ضرورت ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر کارلو ڈی ماریو نواز شریف کی ماضی میں ہونے والی بائی پاس سرجری اور اینجیو پلاسٹی کا مسلسل چیک اپ کرتے آئے ہیں۔
رپورٹ میں ڈاکٹر کارلو ڈی ماریو نے لکھا ہے ’ہم نے نواز شریف کی پہلے اینٹی اینجنل تھراپی کی بہتری کے لیے علاج کیا جبکہ انجائنا کی علامات اور کورونا وبا کی وجہ سے انہیں پاکستان جانے سے روک دیا تھا۔‘
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جب نواز شریف میں مرض کی علامات بڑھ گئیں تو ان کی انجیو پلاسٹی دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
’نواز شریف کی انجیو پلاسٹی نومبر 2022 میں کی گئی۔ اس دوران نواز شریف کو سٹنٹ بھی ڈالے گئے۔‘
آج سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی اور تیاریوں سے متعلق پریس کانفرنس کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی 21 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

شیئر: