Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی گرفتاری پر بیان، سرفراز بگٹی شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں: رانا ثناء اللہ

مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں کی جانب سے ردعمل کے بعد نگراں وزیرداخلہ نے وضاحتی بیان جاری کیا (فوٹو: اے پی پی)
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے نواز شریف سے متعلق بیان کو ’حد سے تجاوز‘ قرار دیا ہے۔
منگل کو  رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’سرفراز بگٹی صاحب بیان دینے سے پہلے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں۔ نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔ نواز شریف جیلوں اور فورس کا سامنا کرچکے ہیں۔ نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پہ توجہ دیں۔‘
نواز شریف نے 21 اکتوبر کو ایئرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ وفاق کا فیصلہ نہیں ہو گا، یہ عوام کا فیصلہ ہو گا۔‘

سرفراز بگٹی نے کہا کیا تھا؟

نگران وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے۔ میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کے لیے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی۔‘
ان کے اس بیان کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما سخت ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا: نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی

نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے نواز شریف کی گرفتاری پر بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا۔ نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔‘
سرفراز بگٹی نے کہ کہا کہ ’یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کا ایک بڑا حصہ انہیں خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے۔‘
نگراں وزیرداخلہ نے کہا ’وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔چہ میگوئیوں اور مفروضوں  سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینہ سے دیکھنا ہو گا‘
’نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔‘

شیئر: