Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیدرلینڈز کے جیت، سعود شکیل اور حارث رؤف کے چرچے

نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ (فوٹو: آئی سی سی)
پاکستان نے انڈیا میں جاری ورلڈکپ میں اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی ہے۔
جمعے کو حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 283 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس ہدف کے تعاقب میں ڈَچ کرکٹ ٹیم 41 اوورز میں صرف 205 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور سعود شکیل نے 68، 68 رنز کی انگز کھیلیں اور سعود شکیل تیز رفتار بیٹنگ کرنے پر ’مین آف دا میچ‘ قرار پائے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے وکرمجیت سنگھ اور باس ڈی لیڈ نے نصف سینچریاں سکور کیں جبکہ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔
ورلڈکپ میں پاکستان کا پہلا میچ سوشل میڈیا پر بھی پورے دن موضوع گفتگو بنا رہا اور کرکٹ شائقین خصوصاً سعود شکیل کی برق رفتار بیٹنگ کی تعریفیں کرتے ہوئے نظر آئے۔
میچ کے بعد جب سعود شکیل سے پوچھا گیا کہ وہ فاسٹ اور سپن بالنگ میں سے کس کا سامنا کرنا پسند کرتے ہیں تو انہوں نے مذاقاً کہا ’جس پر مجھے باؤنڈریز ملیں میں اُسی کو ترجیح دیتا ہوں۔‘
پاکستانی ٹیم پر اکثر تنقید کرنے والے سابق انڈین کھلاڑی عرفان پٹھان نے سعود شکیل کے بارے میں لکھا کہ ’وہ مڈل آرڈر میں پاکستان کے لیے ایک اچھا آپشن ہیں۔‘
اٹھائیس برس کے سعود شکیل کا تعلق صوبہ سندھ کے شہر کراچی سے ہے اور وہ ماضی میں پاکستان انڈر 19 اور پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین محمد رضوان اور سعود شکیل کے علاوہ دیگر بیٹرز سے نالاں نظر آئے۔ نیلم اسلم نے میچ کے دوران لکھا کہ ’ٹیم میں سعود شکیل اور رضوان کے علاوہ سارے بالرز ہیں۔‘
صارفین کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی تھی جو انجری کے بعد واپس آنے والے حارث رؤف کی تعریف کرتی ہوئی نظر آئی۔
ہارون نے فاسٹ بولر کے وکٹ لینے کے انداز پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’حارث رؤف کا جارحانہ رویہ اچھا ہے۔ انہیں کوہلی اور دیگر انڈین بیٹرز کے سامنے بھی ایسے ہی جارحانہ بولنگ کرنی چاہیے۔‘
پاکستان ورلڈکپ میں اپنا دوسرا میچ سری لنکا کے خلاف 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہی کھیلے گا جبکہ گرین شرٹس کا انڈیا سے مقابلہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ہوگا۔

شیئر: