دبئی میں دوران ڈرائیونگ موبائل کے استعمال سے 99 حادثات
موبائل استعمال کرنے والوں کی سمارٹ سسٹم سے نگرانی کی جا رہی ہے (فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی میں ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر میجر جنرل سیف المزروعی نے کہا ہے کہ ’ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے والوں کی سمارٹ سسٹم کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے‘۔
الامارات الیوم کے مطابق سال رواں کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران دبئی میں دوران ڈرائیونگ موبائل کے استعمال سے 99 حادثات ہوئے جن میں چھ افراد کی موت اور 58 افراد زخمی ہوئے۔
دبئی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے ’ڈرائیونگ سے توجہ ہٹانے والے ہر کام کی نگرانی سمارٹ سسٹم کے ذریعے کی جارہی ہے‘۔
میجر جنرل سیف المزروعی نے مزید کہا ’ ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس سے بے قصور انسانوں کی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ڈرائیونگ کے دوران موبائل پر سوشل میڈیا یا پیغامات تحریر کرتے ہوئے اچانک خطرناک صورتحال پیدا ہونے پر اس سے بچاؤ کا اقدام مشکل ہوجاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا’ موبائل کی مصروفیت ڈرائیور کو نیند کی حالت میں ڈرائیونگ جیسی صورتحال کے قریب لے جاتی ہے‘۔
’ ڈرائیونگ کے دوران موبائل یا ڈرائیونگ سے توجہ ہٹانے والے کسی بھی کام میں مصروفیت کا جرمانہ 800 درہم اور چار منفی پوائنٹس ہیں۔