مصر میں دو اسرائیلی سیاح اور مصری گارڈ فائرنگ سے ہلاک
مصر میں دو اسرائیلی سیاح اور مصری گارڈ فائرنگ سے ہلاک
اتوار 8 اکتوبر 2023 15:35
دیگرعرب ممالک کی طرح مصری شہری فلسطینی کاز کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔ فوٹو ایکس
مصر کے شہر سکندریہ میں دو اسرائیلی سیاحوں اور ان کے مصری گائیڈ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار کو مصر کے دو سیکورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ سکندریہ کے ضلع صواری میں فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
کئی دہائیوں میں مصر میں اسرائیلیوں پر ہونے والا اس قسم کا پہلا حملہ ہے۔ فوٹو ایکس
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی دہائیوں میں مصر میں اسرائیلیوں پر ہونے والا ایسا پہلا حملہ ہے۔
مصر کی وزارت داخلہ نے واقعے پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
فائرنگ کا واقعہ غزہ میں اسرائیل کے حملے کے ایک دن بعد رونما ہوا ہے، فائرنگ کے دوران ایک مصری کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔
اسرائیل اور فلسطینوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپ میں دونوں جانب سے سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سکندریہ میں فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ فوٹو ایکس
مصری ذرائع نے بتایا ہے کہ جائے حادثہ پر موجود ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ سیکورٹی اہلکار اسرائیلی سیاحوں کو دیکھ کر مشتعل ہو گیا اور جذبات پر قابو نہیں رکھ سکا اور فائرنگ کردی۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والا پہلا عرب ملک مصر ہے اور دونوں ممالک سلامتی اور توانائی پر آپسی تعاون چاہتے ہیں۔
دوسری طرف مصرکے شہریوں کی بڑی تعداد عرب دنیا کے دیگر ممالک کی طرح فلسطینی کاز کے ساتھ ہمدردی رکھتی ہے۔
اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والا پہلا عرب ملک مصر ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ تشدد پھیلنے کے بعد مصر کی انٹیلی جنس کے سربراہ اسرائیل اور حماس کے حکام سے قریبی رابطے میں تھے۔
قبل ازیں جون میں تین اسرائیلی فوجی اور ایک مصری سیکورٹی اہلکار سرحدی علاقے میں ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے دوران مارے گئے تھے۔