سعودی وزیر خارجہ کی غزہ کی صورتحال پر عرب لیگ کے اجلاس میں شرکت
جنگ بندی کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ رابطوں کوششیں بھی زیر بحث آئیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو قاہرہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ پر عرب لیگ کے ایک غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
ایس پی اے اور اخبار 24 کے مطابق اجلاس میں عرب وزرائے خارجہ نے غزہ اور اس کے گرد و نواح میں کشیدگی، اور بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا جس سے شہریوں کی زندگی اور خطے کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔
وزرائے خارجہ نے غزہ پٹی میں شہریوں کو تحفظ اور امدادی سامان کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنانے کی حکمت عملی پر بطی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں غزہ میں جنگ بند کرانے کے لیے تمام علاقائی و بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ رابطوں کی ہر ممکن کوششیں بھی زیر بحث آئیں۔
علاوہ ازیں بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری اور شہریوں کو حملوں کا نشانہ نہ بنائے جانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے اجلاس سے خطاب میں جنگ روکنے اورشدید حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ صورتحال اس حد تک خطرناک نہ ہوجائے کہ خطے کے استحکام کو خطرہ لاحق ہوجائے۔
ابو الغیط نے زور دے کر کہا کہ ’موجودہ مرحلہ انتہائی ضبط و تحمل سے کام لینے کا ہے‘۔
انہوں نے کہا ’قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے حملوں میں مسلسل شدت کا نتیجہ خونریزی کا دائرہ بڑھنے کی صورت میں برآمد ہوگا‘۔
عرب نیوز کے مطابق اجلاس میں ایک حتمی بیان میں امن عمل دوبارہ شروع کرنے اور پی ایل او اور اسرائیل کے درمیان سنجیدہ مذاکرات شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔