Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس، شام کی عرب لیگ میں واپسی کا خیر مقدم

عرب وزرا نے سربراہ اجلاس کےایجنڈے کے مسودے پر غور کیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس بدھ کو عرب سمٹ کے ایجنڈے کی تیاری کےلیے جدہ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی زیر صدارت ہوا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب وزرائے خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے سابقہ عرب سربراہ کانفرنس کی قیادت پر الجزائر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ 
عرب وزرا نے اجلاس میں جمعے کو ہونے والے سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کے مسودے اور ان فیصلوں پر غور کیا جن کی سمٹ میں منظوری دی جائے گی۔
شام کے وزیر خارجہ  فیصل مقداد نے تصدیق کی کہ شام کے صدر بشار الاسد عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دیگر عرب وزرا کے  ساتھ  عرب لیگ میں شام کی واپسی کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ان دنوں دنیا چیلنجوں اور متعدد دشواریوں سے گزر رہی ہے۔ ایسے دوراہے پر کھڑے ہیں جو ہم سے عرب اتحاد کا تقاضا کررہا ہے‘۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ’ نیا ماحول کہہ رہا ہے کہ مشترکہ کوششوں کے فروغ کے لیے تمام عرب ممالک مزید کام کریں۔ مسائل سے نمٹنے کے لیے مناسب حل سامنے لائیں تاکہ عالم عرب محفوظ، مستحکم ، خوشحالی اور نعمتوں سے فیض یاب ہوسکے‘۔ 
ان کا کہنا تھا کہ’ عرب دنیا، افرادی طاقت اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ ہم مسلسل یکجہتی سے کام لیں۔ تمام ممکنہ وسائل بھرپور طریقے سے استعمال کریں۔ باہمی رنجشوں کو دور کرنے اور بیرونی مداخلتوں کو مسترد کرنےکے لیے نئے اچھوتے طور طریقے اختیار کریں‘۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب عرب ممالک کے امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنے عرب بھائیوں کے ساتھ مل کر کوششیں کرنا چاہتا ہے‘۔
سعودی عرب نئی نسلوں کے لیے محفوظ مستقبل کی تعمیر اور ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہونے اور رہنے کے لیے جملہ وسائل اور کوششیں بروئے کار لانے کے حق میں ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ ’اللہ جدہ میں ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس کو مطلوبہ امنگوں کی تکمیل میں سرخرو کرے‘۔ 
عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک  سعودی وفد میں نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی اور سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی شامل تھے۔

شیئر: