غزہ کی صورتحال، عرب وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس بدھ کو ہوگا
موجودہ سیشن کے سربراہ کی حیثیت سے مراکش اجلاس کی صدارت کرے گا (فوٹو: روئٹرز)
عرب لیگ نے حماس کے اچانک حملے کے بعد غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت پر بحث کے لیے بدھ کو عرب وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس طلب کیا ہے۔
کویت کی سرکاری خبررساں ایجنسی کونا کے مطابق عرب لیگ کے معاون سیکریٹری جنرل حسام زکی نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ ’فلسطین کی درخواست پر عرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے۔‘
حسام زکی نے کہا کہ موجودہ سیشن کے سربراہ کی حیثیت سے مراکش اجلاس کی صدارت کرے گا جس میں غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت بند کرانے کے لیے عرب اور عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں اور سیاسی رابطوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
عرب لیگ میں متعین فلسطینی مندوب مھند العکلوک نے کہا کہ ’اسرائیلی جارحیت بند کرانے، حملہ آوروں کے مواخذے، فلسطینی عوام کے لیے بین الاقوامی تحفظ ، عرب امن فارمولے اور بین الاقوامی قراردادوں اور قانون کے مطابق امن و امان کے قیا م کے لیے عرب اور عالمی سیاسی سرگرمیوں پر بحث ہو گی۔‘
فلسطینی مندوب کا کہنا تھا کہ ’خطے میں جاری کشیدگی کو روکنے کا واحد حل فلسطینی اراضی پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کا خاتمہ اور القدس کو اس کا دارالحکومت بنانا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’صدر محمود عباس فلسطینی عوام پر جارحیت بند کرانے کے لیے دنیا بھر کے رہنماؤں کے ساتھ رابطہ کررہے ہیں۔‘
انہوں نے غزہ پٹی میں نہتے شہریوں پر قابض اسرائیلی افواج کے مسلسل حملوں کی مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ہزاروں فلسطینی گھر چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔‘