ہیومین رائٹس کمیشن میں خواتین سے زیادہ مردوں کی شکایات
جمعرات 12 اکتوبر 2023 5:16
کمیشن نے 2022 میں شکایات کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کیے ہیں ( فوٹو: اخبار24)
سعودی ہیومن رائٹس کمیشن نے کہا ہے کہ’ خواتین کے مقابلے میں مردوں کی طرف سے خلاف ورزیوں کی دگنی شکایات ملی ہیں۔‘
اخبار 24 کے مطابق سعودی ہیومن رائٹس کمیشن نے بتایا’ موصول ہونے والی کل شکایات 7937 میں سے 5360 کا تعلق مردوں اور 2577 کا خواتین سے ہے۔ مردوں کی شکایات کا تناسب 9.5 اور خواتین کا 2.5 فیصد ہے۔‘
ہیومن رائٹس کمیشن نے 2022 میں سعودی شہریوں کی شکایات کے اعداد وشمار جاری کیے ہیں۔
کمیشن کا کہنا ہے ’5576 شکایات سعودی شہریوں اور 2361 شکایات غیرملکیوں کی جانب سے موصول ہوئیں‘۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ’ 2022 کے دوران 5717 شکایات نمٹا دی گئیں جبکہ 671 شکایات پر سرکاری اداروں سے جواب کا انتظار ہے۔ علاوہ ازیں 1549 شکایات انڈر پروسیس ہیں‘۔
ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے’ سب سے زیادہ شکایات 2374 ریاض ریجن، 1735 مکہ ریجن، 757 جازان ریجن اورسب سے کم شکایات 137 حائل ریجن سے ملی ہیں‘۔
مدینہ منورہ ریجن میں 510، الشرقیہ 696، القصیم 157، تبوک 153، الجوف 736، عسیر 318، نجران 164 اور حدود شمالیہ ریجن میں 200 شکایات درج کرائی گئی ہیں۔