Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل پر حملہ: ’ایکس‘ نے حماس سے منسلک سینکڑوں اکاؤنٹس بند کردیے

یورپی یونین انڈسٹری کے سربراہ تھیری بریٹن نے ایسی ہی وارننگ بدھ کو فیس بُک کو بھی جاری کی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)فلس
ایکس (ٹوئٹر) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر لنڈا یاکارینو کا کہنا ہے کہ کمپنی 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے بعد فلسطینی عسکریت پسند گروہ حماس سے منسلک سینکڑوں اکاؤنٹس معطل کر چکی ہے جبکہ دیگر ہزاروں اکاؤنٹس کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
روئٹرز کے مطابق ایکس کی جانب سے یہ کارروائی ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب یورپی یونین انڈسٹری کے سربراہ تھیری بریٹن نے کمپنی کے مالک ایلون مسک کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد پلیٹ فارم پر موجود ’گمراہ کُن معلومات‘ کو ہٹانے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت دیا تھا۔
تھیری بریٹن کا کہنا تھا کہ ایسے اشارے موجود ہیں کہ ایکس کو یورپی یونین ممالک میں ’غیرقانونی مواد اور گمراہ کُن معلومات‘ پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
یورپ یونین کی جانب سے نافذ کیا گیا حالیہ قانون ’ڈیجیٹل سروسز ایکٹ‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول فیس بُک اور ایکس کو پابند کرتا ہے کہ وہ ایسے مواد کی روک تھام کے لیے کام کریں جن سے امن خراب ہونے کا خدشہ ہو۔
ایکس کی سی ای او لنڈا یاکارینو کا حماس سے منسلک اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ان کی کمپنی نے وسائل کو ازسرِنو تقسیم کیا ہے اور اپنی ٹیموں کو اس صورتحال میں مزید توجہ سے کام کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
تھیری بریٹن کو لکھے گئے خط میں لنڈا یاکارینو کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم یہ بھی باور کروانا چاہتے ہیں کہ آپ اور آپ کی ٹیم کے ساتھ مزید رابطے بڑھانا چاہیے گے اور ملاقات بھی کرنا چاہیں گے تاکہ مزید سوالات کا جواب دے سکیں۔‘
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایکس اب تک یورپ یونین کی جانب سے غیرقانونی مواد ہٹانے یا اکاؤنٹس معطل کرنے کی 80 سے زائد درخواستیں نمٹا چکا ہے اور تاحال انہیں یوروپول سے غیرقانونی مواد سے متعلق کوئی نوٹس نہیں موصول ہوا ہے۔
خیال رہے یورپی یونین انڈسٹری کے سربراہ تھیری بریٹن نے ایسی ہی وارننگ بدھ کو فیس بُک کو بھی جاری کی تھی۔

شیئر: