Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فلسطینی صدر کا ٹیلی فون پر رابطہ

انسانی قوانین کی پاسداری اور شہریوں کو نشانہ نہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ اور اس کے گرد و نواح میں بڑھتی کشیدگی اور بگڑتی ہوئی صورتحال جس سے شہریوں کی زندگی، خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے کہا کہ ٹیلی فونک رابطے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب تمام بین الاقوامی اور علاقائی فریقوں کے ساتھ رابطے کر کے جاری کشیدگی اور خطے میں اسے پھیلنے سے روکنے کی تمام کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کرنے اور شہریوں کو نشانہ نہ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی عوام کے باوقار زندگی گزارنے کے جائز حق، اپنی امیدوں اور امنگیں پوری کرنے کی خواہش اور منصفانہ اور پائیدار امن کے حصول کے موقف کے ساتھ سعودی عرب بدستور کھڑا ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطینی عوام اور ان کے منصفانہ کاز کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے سعودی عرب کے مضبوط موقف اور کوششوں کو سراہا۔

شیئر: