غزہ کشیدگی، سعودی وزیر خارجہ کا چینی ہم منصب سے رابطہ
ہفتہ 14 اکتوبر 2023 19:24
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ کی تازہ صورت حال اور اس سلسلے میں بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سنیچر کو چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلی فون پر رابطے میں غزہ اور گردونواح کے تازہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ کی تازہ صورت حال اور اس سلسلے میں کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کسی بھی شکل میں شہریوں کو نشانہ بنانے سے روکنے کی اہمیت اور تمام متحارب فریقوں پر طے شدہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری پر زور دیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرے کہ سلامتی کونسل فوری طور پرعالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے‘۔
انہں نے فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کرنے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے پر بھی زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا ’مسئلہ فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں خصوصا قرارداد نمبر 242 (1967)،ِ قرارداد نمبر 338 (1973)، قرارداد نمبر 1515 (2003) اور قرارداد نمبر 2334 (2016) پر عمل درآمد ضروری ہے ‘۔
تاکہ مسئلہ کا ایک منصفانہ، جامع اور پائیدار حل اس طرح سے قائم کیا جاسکے جو فلسطینی عوام کی امنگوں کو پورا کرے۔