Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی نے اپنی دستخط شدہ شرٹ پاکستانی کپتان کو دی؟

انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی جگہ لے لی ہے (فوٹو: آئی سی سی)
ورلڈ کپ کے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں سات وکٹوں سے شکست دی لیکن میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں تناؤ نہیں بلکہ دوستی ہی دکھائی دی۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد ایک ویڈیو شیئر کر رہی ہے جس میں بابر اعظم اور وراٹ کوہلی کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے اور پاکستانی کپتان انڈین ٹیم کی متعدد شرٹس ہاتھ میں لیے کھڑے ہیں۔
اس ویڈیو کو شیئر کرنے والے افراد کا دعویٰ ہے کہ بابر اعظم نے وراٹ کوہلی سے اُن کی دستخط شدہ شرٹس مانگی تھیں اور انڈین بیٹر انہیں اس ویڈیو میں وہی دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ایک ٹویٹ میں کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے لکھاری مظہر ارشد نے لکھا کہ ’وراٹ کوہلی نے بابر اعظم کو انڈیا کی شرٹس دی ہیں اور دونوں میچ کے بعد آپس میں بات چیت کرتے نظر آ رہے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے وراٹ کوہلی کی تصویروں کا ایک مجموعہ ’ایکس‘ پر شیئر کیا جس میں وہ متعدد کھلاڑیوں کو انڈیا کی شرٹس دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ پری نامی صارف نے لکھا کہ ’دُنیا بھر میں ہر کوئی وراٹ کوہلی سے محبت کرتا ہے اور اُن کی عزت کرتا ہے۔‘
پاکستانی صحافی ارفع فیروز نے دونوں کھلاڑیوں کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’وراٹ کوہلی یقیناً اس مشکل وقت میں بابر اعظم کی حوصلہ افرائی کر رہے ہوں گے؟‘
خیال رہے سنیچر کو ورلڈ کپ کے اس بڑے میچ میں پاکستان نے انڈیا کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ انڈیا نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 31 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 50 رنز، محمد رضوان نے 49 رنز اور امام الحق نے 36 رنز بنائے۔ ان بیٹرز کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی انڈین بولرز کے سامنے مزاحمت نہیں کر سکا۔
انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ، محمد سراج، ہادرک پانڈیا، رویوندر جڈیجہ اور کلدیپ یادیو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں انڈین کپتان روہت شرما نے 63 گیندوں پر 86 رنز بنائے اور اُن کی اس جارحانہ اننگز میں چھ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: روئٹرز)

روہت شرما کے علاوہ شریاس آئیر نے بھی نصف سینچری سکور کی اور 62 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری طرف میچ میں سات اوورز میں صرف 19 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرنے پر جسپریت بمراہ کو ’میچ کا بہترین کھلاڑی‘ قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ انڈیا کے ہاتھوں لگاتار آٹھویں شکست تھی۔ پاکستان میگا ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف بینگلور میں کھیلے گا۔

شیئر: