Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد نے وادی ابہا پروجیکٹ کے لیے ’اردارا‘ کمپنی قائم کردی

وادی ابھا پروجیکٹ 2.5 ملین مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عسیر ریجن میں ’وادی ابھا‘ پروجیکٹ ڈیولپ کرنے کےلیے اردارا کمپنی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وادی ابھا پروجیکٹ ملکی و بین الاقوامی سیاحوں کے لیے پرکشش سیاحتی فرنٹ اور تمدنی مرکز ثابت ہوگا۔ 
وادی ابھا پروجیکٹ 2.5 ملین مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا جائے گا۔ اس کی تعمیرات عسیر ریجن کے ورثے اور اس کی عظیم  تاریخ سے اخذ کی جائیں گی۔ 
وادی ابھا پروجیکٹ کا 30 فیصد سے زیادہ حصہ کھلے سبزہ زاروں پر مشتمل ہوگا۔
16 کلو میٹر واٹر فرنٹس اور17 کلو میٹر کھیلوں، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے لیے مختص ہوگا۔ اس سے زندگی کا معیار بلند ہوگا۔ 
اردارا کمپنی منفرد طرز کے پانچ علاقے ڈیولپ کرے گی۔ متعدد مراحل میں کام انجام دیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ تین سال میں مکمل ہوگا۔
اس کے تحت رہائش، ہوٹل اور تفریحی مراکز قائم ہوں گے۔ رہائش متنوع ہوگی۔ فلیٹس، ولاز اور شاندار ہوٹل  تعمیر کیے جائیں گے۔
کاروباری مراکز ہوں گے جبکہ عسیر ریجن کے تاریخی ورثے اور شاندار شناخت سے ہم آہنگ اعلی معیار کے کاروباری زون قائم کیے جائیں گے۔ 
اردارا کمپنی  متعدد شعبوں میں سعودی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو کاروبار کے مواقع فراہم  کرے گی۔ ہوٹل، آرٹس، ثقافت، خوراک، زراعت، ریٹیل کا کاروبار اور تفریحاتی پروگراموں میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو شریک  کیا جائے گا۔ 
اردارا کمپنی سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی حکمت عملی کے تحت قائم کی گئی ہے۔ اس کا مقصد سعودی عرب میں سر ابھارتے ہوئے شعبوں کو خود کو منوانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ 
وادی ابھا پروجیکٹ 2030 تک تیل کے ماسوا ذرائع سے ہونے والی قومی آمدنی میں 19 ارب ریال سے زیادہ کا اضافہ کرے گا۔
اس کی بدولت عسیر ریجن کے ہزاروں باشندوں کو 2030 تک روزگار کے مواقع ملیں گے۔  
اردارا پروجیکٹ عسیر ریجن کی اس حکمت عملی کے اہداف کے مطابق ہے جس کا اعلان ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 2021 میں ‘قیم و شیم‘ کے نام سے کیا تھا۔ 
 

شیئر: