ابہا کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سالانہ 13 ملین افراد سفر کرسکیں گے
ابہا کے نئے ایئرپورٹ کا ماسٹر پلان مکمل ہوگیا ہے( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی عرب میں مطارات ہولڈنگ کمپنی اور عسیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ’ ابہا کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ماسٹر پلان مکمل ہوگیا۔ اس سے سیاحت اور شہری ہوابازی کے قومی سٹراٹیجک اہداف حاصل ہوں گے‘۔
اخبار 24 کے مطابق ’مطارات‘ کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر محمد الموکلی نے کہا کہ ’کوشش ہے کہ نئے ایئرپورٹ کا ڈیزائن عسیر ریجن کے فن تعمیرسے مطابقت رکھے اور یہاں سیاحت کے فروغ کا باعث بنے۔ یہ کام تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے کیا گیا ہے‘۔
مطارات کمپنی کا کہنا ہے کہ’ نئے ایئرپورٹ سے سالانہ 13 ملین سے زیادہ افراد سفر کرسکیں گے۔ فی الوقت ایئرپورٹ سے 1.1 ملین افراد سفر کرسکتے ہیں‘۔
’یہاں سے سالانہ 95 ہزار سے زیادہ پروازوں کی آمد ورفت ہو گی۔ اس وقت اس ایئرپورٹ سے 35 ہزار پروازیں چل رہی ہیں‘۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ’ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروجیکٹ کے تحت 65 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر نیا ہال تعمیر ہوگا۔ موجودہ ہال 10.7 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر بنا ہوا ہے‘۔
ایئرپورٹ پر 2200 سے زیادہ گاڑیوں کی پارکنگ ہوسکے گی۔ موجودہ پارکنگ میں صرف 1100 گاڑیوں کی گنجائش ہے۔