سعودی اور مصری فضائیہ کا ائیر شو، فضا میں رنگ بکھیر دیے
سعودی فالکنز نے مصری سلور سٹارز کے ہمراہ حیران کن کرتب دکھائے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پائلٹس کی فالکن ٹیم اور مصری’سلور سٹارز‘ نے مصر کے نئے دارالحکومت میں مشترکہ ایئر شو کیا ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر مصری وزیرسپورٹس اشرف صبحی، مصری فضائیہ کے کمانڈر محمود عبدالجواد ، مصر میں متعین سعودی سفیر اسامہ نقلی، آرمی اتاشی کرنل عبدالکریم السدیس، متعدد عہدیدار، سفرا اور مختلف ممالک کے عسکری اتاشی موجود تھے۔
سعودی فالکنز نے مصری سلور سٹارز کے ہمراہ ایئر شو کے دوران عسکری طیاروں سے حیران کن کرتب دکھائے۔
پائلٹس نے ایئرشو کے دوران فضا میں دونوں ملکوں کے پرچموں کے رنگ بکھیر دیے۔ وہاں موجود لوگوں نے پائلٹس کی مہارت کی دل کھول کر داد دی۔
قاہرہ میں متعین سعودی سفیر اسامہ نقلی نے ایئرشو کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ’ مصری سلور سٹارز کے ساتھ مشترکہ ایئر شو دونوں برادر ملکو ں کے مضبوط تاریخی تعلقات کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ عسکری شعبے سمیت تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان مسلسل تعاون کی علامت ہے‘۔
سعودی فضائیہ میں فالکن ٹیم کے کمانڈر محمد الفارس نے کہا ’ایئر شو میں شرکت کی تیاری پیشہ ورانہ انداز سے کی گئی تھی۔ کوشش تھی ایئر شو میں سعودی فضائیہ کی ترجمانی شایان شان ہو۔ ملکی علاقائی و بین الاقوامی تقریبات میں مسلسل انفرادیت کی شناخت برقرار رہے‘۔