Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرسٹی بس سروس کا بڑا منصوبہ، سالانہ 60 لاکھ افراد سفر کریں گے

200 شہروں اور کمشنریوں کو 76 روٹس کے ذریعے جوڑا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے تین بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ انٹرسٹی مسافر بس سروس کے سب سے بڑے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔
منصوبے کے تحت 200 شہروں اور کمشنریوں کو 76 روٹس کے ذریعے جوڑا جائے گا۔ سالانہ 60 لاکھ افراد سفر کرسکیں گے۔ جدید ترین بسیں چلائی جائیں گی۔ 
اخبار 24 کے مطابق سعودی وزیر مواصلات و لاجسٹک خدمات صالح الجاسر نے پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا’ ولی عہد کی جانب سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات کی قومی حکمت عملی کے اجرا کے بعد لاجسٹک خدمات اور ٹرانسپورٹ سسٹم کے تمام شعبوں میں منصوبے بنائے گئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ’گزشتہ سال 2022 کے دوران کارگو اور مسافروں کو فرہم کی جانے والی سہولتیں 2021 کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ رہیں‘۔ 
سعودی وزیر مواصلات کا کہنا تھا ’اعلی قیادت کی سرپرستی سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات کا شعبہ سہولتوں کا معیار بلند کرنے، مسابقت کے فروغ کے عمل کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری  رکھے ہوئے ہے‘۔
اتھارٹی کے چیئرمین رمیح الرمیح نے کہا ’ انٹرسٹی بس سروس میں ریاض، جدہ اور دمام  شامل ہوں گے‘۔ 
’ یہ پہلا غیرملکی سرمایہ کاری پروجیکٹ ہے۔ اس سے 35 ہزار سے زیادہ  آسامیاں پیدا ہوں گی اور اس سے مجموعی  قومی  پیداوار 3.2 ارب ریال کا اضافہ ہوگا‘۔ 
’درب الوطن‘ کمپنی تین گروپوں میں سے ایک ہے جو 75 سے زیادہ شہروں اور کمشنریوں میں 26 روٹس پر  یومیہ 124 بسیں چلائے گی۔
نارتھ ویسٹ بس کمپنی  بھی پارٹنر ہے۔ یہ 70 سے زیادہ شہروں اور کمشنریوں میں 23 روٹس پر روزانہ 190 بسیں چلائے گی۔
تیسری کمپنی ’سیٹ‘ 80 سے زیادہ شہروں اور کمشنریوں میں 27 روٹس پر یومیہ 178 بسیں چلائے گی۔ 

شیئر: