سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بس سروس ریاض کی اقتصادی اور شہری تبدیلی کےلیے اہم اور ٹرانسپورٹیشن سیکٹر کو آگے بڑھانے کےلیے سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگ ہے۔
منصوبے کے تیسرے مرحلے میں روٹس کی تعداد کو 33 تک بڑھایا گیا ہے۔ کل ایک ہزار 284 کلو میٹر کے نیٹ ورک میں 565 بسیں اور ایک ہزار611 بس سٹاپ ہیں۔
منصوبے کے پانچوں مرحلے 2024 کے آخر تک مکمل ہوں گے۔ مجموعی نیٹ ورک ایک ہزار 900 کلو میٹر کا ہے۔
اس منصوبے مں بس سروس میں سفرکرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک آن لائن پورٹل شامل ہے۔
مارچ میں بس سروس کے آغاز کے بعد سے ریاض بس سروس سے تقریبا چار ملین مسافروں نے فائدہ اٹھایا ہے۔ سروس کے پہلے مرحلے میں پندرہ مختلف روٹس پر 340 سے زائد بسیں چلائی گئیں۔
دوسرے مرحلے میں شہر کے متعدد علاقوں کے لیے 500 بس سٹینڈز کے ذریعے 223 اضافی بسیں چلائی جارہی ہیں۔
’ریاض بس‘ ایپ میں مزید خصوصیات شامل کی گئی ہیں تاکہ بس سروس استعمال کرنے والے مناسب طریقے سے پلاننگں اور آسانی سے ٹکٹ خرید سکیں۔
ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے اس میں اپنی منزل کا انتخاب کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ٹکٹ سے متعلق کئی نئے آپشن بھی شامل ہیں۔
ٹکٹ تین دن، سات یا ایک ماہ تک موثر رہے گا۔ ٹکٹ بس سٹینڈز سے بھی خریدے جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں درب کارڈ یا ایپ کے ذریعے بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔