طائف میں بھی پبلک بس سروس منصوبے کا آغاز
بس سروس روزانہ 18 گھنٹے مہیا ہوگی۔ 58 بسیں چلائی جائیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں طائف کے کمشنر شہزادہ سعود بن نھار بن سعود نے پبلک بس سروس منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق یہ منصوبہ سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں کے پہلے مرحلے کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس سے سالانہ 20 لاکھ سے زیادہ افراد کو فائدہ ہوگا۔
طائف کی اہم تحصیلوں اور قابل دید مقامات کو جوڑنے والے نو بڑے ٹریک بس سروس کے لیے مختص ہیں۔ 182 بس سٹاپ ہوں گے۔
طائف بس سروس روزانہ 18 گھنٹے مہیا ہوگی۔ اس کے تحت 58 بسیں چلائی جائیں گی۔
طائف بس ایپ کے ذریعے بکنگ کراسکتے ہیں۔ ساپٹکو نے مسافروں کے لیے یہ سہولت مہیا کی ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت مسافروں کے لیے ویٹنگ سٹیش اور بس سٹینڈ کا انتظام ہے۔
ہر بس سٹیشن پر مسافروں کے لیے بینچوں کا انتظام ہے۔ ویٹنگ زون بنایا گیا ہے۔ بسوں سے متعلق معلومات کے لیے بورڈز نصب ہیں۔ راہگیروں کے لیے الگ ٹریک ہے۔