Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں پاکستانی ٹیم سے ’نامناسب رویہ‘، پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کردی

پاکستان اپنا اگلا میچ 20 اکتوبر کو بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔ (فائل فوٹو: آئی سی سی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزا نہ جاری کرنے پر انڈیا کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں شکایت درج کرا دی ہے۔
منگل کو کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’پی سی بی نے آئی سی سی میں پاکستانی صحافیوں کو ویزے دیے جانے میں تاخیر اور پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے ورلڈ کپ کے لیے ویزا پالیسی کی عدم موجودگی کے خلاف باضابطہ شکایت درج کروادی ہے۔‘
پی سی بی کے مطابق بورڈ کی جانب سے انڈیا اور پاکستان کے میچ کے دوران 14 اکتوبر کو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ’نامناسب رویے‘ کی شکایت بھی آئی سی سی کو درج کروائی ہے۔
خیال رہے پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 14 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں تھیں اور پاکستان یہ میچ سات وکٹوں سے ہار گیا تھا۔
میچ کے دوران ایسی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھی جس میں احمدآباد میں بیٹھے تماشائیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں کے سے بدتمیزی کرتے اور ٹیم کے خلاف نازیبا نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
خیال رہے پاکستان نے انڈیا میں جاری ورلڈ کپ میں اب تک تین میچ کھیلے ہیں جن میں سے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف اسے کامیابی حاصل ہوئی تھی جبکہ گرین شرٹس انڈیا کے خلاف احمد آباد میں میچ ہار گئے تھے۔
پاکستان اپنا اگلا میچ 20 اکتوبر کو بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

شیئر: