سونے کے زیورات پر قرآنی آیات تحریر کرنے پر پابندی
جمعرات 19 اکتوبر 2023 20:05
مفتی اعلی اور وزیر داخلہ کی ہدایات کے تناظر میں پابندی لگائی ہے(فوٹو، ایکس )
سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت فیڈریشن نے کہا ہے کہ سونے کے زیورات اور برتنوں پر قرآنی آیات تحریر نہ کی جائیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت فیڈریشن نے مذکورہ پابندی سعودی عرب کے مفتی اعلی اور وزیر داخلہ کی جاری کردہ ہدایات کے تناظر میں لگائی ہے۔
مفتی اعلی نے برتنوں، سونے کے زیورات اور آرائشی اشیا پر قرآن پاک کی آیات تحریر کرنے سے منع کرتے ہوئے توجہ دلائی ہے کہ بعض لوگ قرآنی آیات والے زیورات اور برتنوں کو تعویذ گنڈوں کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
مفتی اعلی کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کی آیات انسانوں کی ہدایت کے لیے نازل کی گئی ہیں۔ اس مقصد کے سوا کسی اور کام میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ کسی بھی صورت میں قرآنی آیات کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
دریں اثنا سعودی وزیر داخلہ نے تاکید کی ہے کہ (اللہ) کا نام ایسے کسی بھی کاغذ ، برتن یا سامان پر تحریر نہ کیا جائے جسے عام طور پر لوگ استعمال کرکے ضائع کردیتے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے دارالافتا نے 2015 میں اللہ تعالی کے نام اور صفات کے موضوع پر فتوی جاری کیا تھا جس کے تحت پابندی لگائی گئی تھی کہ اللہ کے نام اور صفات ایسی کسی بھی جگہ یا کسی بھی کاغذ یا برتن وغیرہ پر تحریر نہ کیے جائیں جن سے ان کی تعظیم نہ ہوپاتی ہو اور جنہیں کسی نہ کسی شکل میں نظر انداز کرنے کی وجہ سے ان کی بے حرمتی ہوتی ہو۔