Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ کا نیا ترانہ جاری، ’ووٹ کو عزت دو‘ کی جگہ ’مہنگائی سے نکالو‘ نے لے لی

نواز شریف 21 اکتوبر کو مینارِ پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ملک واپس آنے کے موقع پر ایک نیا گانا جاری کردیا ہے جسے معروف گلوکار ساحر علی بگا نے گایا ہے۔
گانے کی لانچنگ تقریب لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں جمعرات کو منعقد ہوئی۔
گانا، جس کے بول ’مشکل سے نکالو، نواز شریف‘ ہیں، سوشل میڈیا پر بھی موضوع گفتگو بنا ہوا ہے۔
صحافی وسیم عباسی نے لکھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ترانے میں ’ووٹ کو عزت دو‘ کے بجائے ’مہنگائی سے نکالو‘ کا بیانیہ دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 2017 میں وزیراعظم کے عہدے سے برطرفی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی تھی اور وہ جلسوں اور ریلیوں میں سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کے خلاف بھی بات کرتے ہوئے نظر آتے تھے۔
پارٹی کے متعدد رہنما بھی سوشل میڈیا پر گانے کی پذیرائی کرتے ہوئے نظر آئے۔ حنا پرویز بٹ کی نے اپنی مخالف جماعت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’میاں صاحب کی ضمانت کے بعد مسلم لیگ ن کی نیا ترانہ جاری کرنے کی تقریب نے پی ٹی آئی کو آگ لگا دی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ابھی تو 21 اکتوبر کو آپ کی حالت دیکھنے والی ہوگی جب میاں صاحب پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھول برسائے جائیں گے۔‘
حلیمہ نامی ایک صارف نے گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ترانہ صرف ترانہ نہیں، اس میں مسلم لیگ ن، نواز شریف اور جماعت کے سیاسی اتار چڑھاؤ کی کہانی ہے۔‘

گلوکار ساحر علی بگا اس سے قبل متعدد ملی نغمے بھی گا چکے ہیں۔ اس حوالے سے ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’توبہ ہے بھئی، اتنا کون کرتا ہے کسی کے لیے؟ کمپنی نے ن لیگ کو گانا بنوانے کے لیے سنگر تک اپنا دے دیا۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ساحر علی بگا تو مخصوص لوگوں کے لیے کام کرتے ہیں۔ محترم کا ن لیگ کا گانا گانا اتفاق کی بات نہیں ہو سکتی۔‘
ایک اور صارف نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’چاہت فتح علی خان کو ن لیگ کا گانا گانا چاہیے تھا۔‘
خیال رہے کہ تقریباً چار سال سے لندن میں مقیم پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو ملک واپس آرہے ہیں اور ان کے استقبال کے لیے ان کی جماعت نے ایک فضائی کمپنی سے رابطہ کر کے شہر بھر میں بھول کی پتیاں برسانے کے لیے دو ’سیسنا‘ طیاروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔
اس سے قبل جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کی وطن واپسی پر حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے اُنہیں 24 اکتوبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
بدھ کو نواز شریف کی قانونی ٹیم کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواستوں میں ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں گرفتاری سے روکنے کے لیے حفاظتی ضمانت دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

شیئر: