Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ٹورازم اتھارٹی اور جے سی بی میں سیاحت کو فروع دینے کا معاہدہ

یہ معاہدہ سعودی ٹورازم انڈسٹری کے لیے ایک بہترین موقع ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ٹورازم اتھارٹی اور جے سی بی انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے درمیان مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک تاریخی معاہدہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مفاہمت کی یادداشت پر 15 اکتوبر کو دستخط کیے گئے تھے اور یہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی میں ایشیا پیسیفک مارکیٹس کے صدر الحسن الدباغ نے کہا کہ ’ ہم ادائیگی اور ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما جی سی بی انٹرنیشنل کے ساتھ شراکت داری پر بہت خوش ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ ہماری سیاحت کی صنعت کے لیے ایک بہترین موقع ہے کیونکہ یہ جاپانی مسافروں اور دیگر ایشیائی سیاحوں کے لیے زیادہ سہولت، شناسائی اور تحفظ فراہم کرے گا جو کیش لیس ادائیگی کے طریقے استعمال کرنے کو ترجیح دیتے ہیں‘۔
الحسن الدباغ نے کہا کہ ’ ہمیں یقین ہے کہ یہ تعاون بین الاقوامی وزیٹرز کے لیے ایک منزل کے طور پر سعودی کی اپیل میں اضافہ کرے گا اور عالمی سیاحت کا ایک اہم مرکز بننے کے ہمارے وژن کی حمایت کرے گا‘۔
جے سی بی انٹرنیشنل کے ساتھ شراکت داری سعودی عرب اور جاپان کے درمیان تعاون کے مختلف مواقع فراہم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ جاپان سعودی عرب کے ای ویزا اور آمد پر ویزا کے اہل 57 ممالک میں سے ایک ہے جس کے خصوصی فوائد میں مملکت میں 96 گھنٹے کے سٹاپ اوور ویزا پروگرام کے حصے کے طور پر سعودیہ آنے والے سیاحوں کے لیے ہوٹل میں ایک رات کا مفت قیام شامل ہے۔
دیگر انیشیٹوز میں وزٹ سعودی ڈاٹ جے اے پورٹل اور سرکردہ ٹریول ٹریڈ پارٹنرز کے ساتھ مشترکہ مارکیٹنگ مہمات شامل ہیں۔
جاپانی چھٹیاں منانے والے مقامی ڈیسٹینیشن مینجمنٹ کمپنیوں کی جانب سے ہوٹل کی خصوصی پیشکشوں سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس میں پرکشش ڈیلز انہیں اپنی شرائط پر سعودی عرب کا حقیقی گھر دریافت کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔
جے سی بی انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او نے شراکت داری کے حوالے سے کہا ’ یہ ہمارے لیے اپنے کارڈ ممبرز کے لیے سعودی سفر کے دلچسپ تجربات کو فروغ دینے کا بہترین موقع ہے۔ جاپان کی طرح، سعودی واقعی ایک منفرد منزل ہےجس میں دلکش فطرت، ثقافت اور تاریخ ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم سعودی عرب میں معروف مقامی بینکوں جیسے ایس این بی، مصرف الانما بینک، ریاض بینک، اے این بی اور بینک الجزیرہ کے ساتھ مل کر مرچنٹ اور اے ٹی ایم پر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ جے سی بی کے 154 ملین کارڈ ممبران بغیر کسی رکاوٹ کے تجربے سے لطف اندوز ہوں‘۔
یہ شراکت داری سعودی عرب اور جاپان کے درمیان سیاحت کو بڑھانے، سفری سہولت فراہم کرنے اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔

شیئر: