سعودی عرب میں ماحولیاتی سیاحت کے لیے گرین ہوٹلز کی بڑھتی مقبولیت
سعودی عرب میں ماحولیاتی سیاحت کے لیے گرین ہوٹلز کی بڑھتی مقبولیت
منگل 17 اکتوبر 2023 18:00
سیاحت کی صنعت کو خالص صفر اخراج کے ہدف کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں ماحولیات کے ماہرین کے لیے بڑی خبر یہ ہے کہ یہاں سیاحت کے لیے مہمان نوازی کے کاروبار سے منسلک افراد میں گرین ہوٹلز کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متعدد سرمایہ کار اس وقت اپنی توجہ ایسے منصوبوں کی طرف مبذول کر رہے ہیں جو صارفین کو راغب کرنے اور محصولات کو بڑھانے کے لیے پائیداری کو فروغ دیتے ہیں۔
مملکت اپنے گرین سیکٹر کو فروغ دینے کا اہم خطہ مانا جاتا ہے جو مہمان نوازی کے لیے ماحول دوست انداز اپنا رہا ہے اور گرین میگا پراجیکٹس کو فنڈ فراہم کر رہا ہے۔
گرین ہوٹلز کو ماحول دوست خصوصیات کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے ہوٹل کو پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق کام کرنا چاہیے اور ماحول دوست طرزعمل ضروری ہے۔
رائل کمیشن برائے ریاض سٹی میں قابل تجدید توانائی اور سرکلر اکانومی میں پائیداری کے سربراہ عبدالعزیز المیزانی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے پائیدار ترقی کے 17 اہداف حاصل کرنے اور ان پر عمل کرنے کے عزم کی جانب اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
عبدالعزیز المیزانی نے بتایا کہ سعودی عرب کے سرکلر اکانومی میں پائیداری کے اہداف یہاں سیاحت کو فروغ دینے کے منصوبے کا حصہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سفر اور سیاحت میں پائیداری کے بین الاقوامی معیار کو اپنانے سے ظاہر ہوتا ہے جو گلوبل سسٹین ایبل ٹورازم کونسل نے طے کیے ہیں۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے منصوبے گرین ہوٹل کے تصور سے ہم آہنگ ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
پائیدار سیاحت کے عالمی مرکز کا قیام صحیح سمت میں ایک اور قدم ہے جس کا مقصد سیاحت کی صنعت کو تقویت دینا اور سنہ 2060 تک خالص صفر اخراج کے حصول کے ہدف کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔
پائیدار سیاحت کا عالمی مرکز حکومتوں، بین الاقوامی تنظیموں، علمی اداروں، مالیاتی اداروں اور صنعتی ایسوسی ایشنز کو اکٹھا کرتا ہے۔
اس عالمی مرکز کا مقصد سیاحت کے شعبے کے کل عالمی گرین ہاؤس گیسوں میں 8 فیصد کے اندازے کی شراکت کو کم کرنا اور زیرو کاربن کے عزم کی طرف بڑھنا ہے۔
عبدالعزیز المیزانی نے مزید کہا کہ مملکت میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے کچھ منصوبے جن میں ریڈ سی گلوبل، نیوم، درعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر نیم سرکاری اقدامات شامل ہیں یہ سب گرین ہوٹل کے تصور سے ہم آہنگ ہیں۔
اگر یہاں گرین ہوٹل ماحول دوست خصوصیات کے حامل بننا چاہتے ہیں تو انہیں پلاسٹک مصنوعات کے استعمال سے گریز کرنے کے ساتھ ساتھ کاغذ کے بغیر پالیسی کی حوصلہ افزائی یا کاغذ کے استعمال کو کم سے کم رکھنا چاہیے۔
ماحول دوست خصوصیات کے لیے پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنا ہو گا۔ فوٹو ایکس
گرین ہوٹلز توانائی کی کارکردگی اور صاف توانائی کے حل کو بڑھانا چاہیے اور کھانے کے فضلے میں کمی کی پالیسی کا اطلاق کریں۔
المیزانی کا کہنا ہے کہ کاروباری افراد کو چاہیے کہ وہ مملکت میں سسٹین ایبل ٹورازم میں حصہ لینے کے لیے سیاحوں اور مہمانوں کی حمایت اور حوصلہ افزائی کریں۔
اگر ہم گرین ہوٹلز کی تعمیر کے لیے ڈویلپر کے عزم کے بارے میں سوچتے ہیں تو یہ صاف توانائی اور ہمارے بچوں کے رہنے کے لیے بہتر ماحول کا ایک طویل مدتی پروگرام ہے۔