’حج میرا خواب،‘ الجزائر کی 129 سالہ خاتون کا عمرہ
صرھودۃ اکبر عمرہ ادا کرنے والی سب سے معمر خاتون ہیں (فوٹو: سکرین گریب الاخباریہ)
الجزائر کی 129 سالہ خاتون نے زندگی میں سو سال بعد دوسری بار عمرہ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
صرھودۃ اکبر عمرہ ادا کرنے والی سب سے معمر خاتون ہیں۔
الاخباریہ چینل کے مطابق الجزائر کی معمر خاتون صرھودۃ اکبر 129 سال کی عمر کے باوجود بہترین یادداشت اور اچھی صحت کی مالک ہیں۔ انہوں نے اپنے پہلے سفرعمرہ کی یادیں شیئر کیں۔
صرھودۃ اکبر نےعمرے کے دوران دعائیں کیں۔ خانہ کعبہ میں دوبارہ حاضری پر ان کی آنکھیں آنسوؤں سے چھلک گئیں۔
الجزائری خاتون نے کہا ’پہلے عمرے کے دوران جب خانہ کعبہ کو دیکھا تو دوسرے عمرے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم اس خواہش کی تکمیل کا کوئی ذریعہ نہیں تھا۔‘
’مجھے کہا گیا کہ آپ عمرے کا پروگرام بنا لیں، سعودی عرب اور اس کے باشندے آپ کے ساتھ تعاون میں ادنی فرو گزاشت سے کام نہیں لیں گے۔‘
انہوں نے سعودی عرب پہنچنے پر اپنے ساتھ حسن سلوک پر سعودی عرب کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے دل کی گہرائیوں سے دعائیں کیں۔
صرھودۃ اکبر نے مزید کہا ’فریضہ حج کی ادائیگی میرا خواب ہے۔ مجھے یقین ہے یہ خواب پورا ہوگا۔‘
سعودی وزارت حج و عمرہ نے بھی اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر معمر خاتون کی کہانی شیئر کی ہے۔
الجزائری خاتون نے سو سال قبل اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ خانہ کعبہ میں حاضری پر دل سے دعا کی تھی کہ کاش اللہ اسے اپنے گھر کی زیارت دوبارہ نصیب کرے۔
یہ خواہش جو 100 سال بعد پوری ہوئی، ہزاروں کلومیٹر کا فاصلہ الجزائری خاتون کی اس خواہش کی تکمیل کے درمیان حائل رہا۔
دوسری مرتبہ عمرے کی ادائیگی پر معمر خاتون کے سچے جذبات حقیقی صورت میں دیکھے جا سکتے ہیں۔