آسٹریلیا میں سعودی ڈاکٹر نے معمر خاتون کی جان بچا لی
العنزی نے قابل قدر مثال قائم کی ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
آسٹریلیا میں زیرتعلیم سعودی نوجوان ڈاکٹر عبدالالہ ندا العنزی نے ایک مقامی معمر خاتون کی مدد کرکے سب کے دل جیت لیے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی نوجوان کنگ فہد میڈیکل سٹی ریاض کے سکالر شپ پر میلبورن کے آسٹن ہسپتال میں ہاؤس جاب کرتے ہیں۔ وہ ڈیوٹی کے بعد گھر جا رہے تھے کہ کار پارکنگ میں انہیں ایک معمر خاتون خون میں لت پت زمین پر پڑی دکھائی دیں، جو کسی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوئی تھیں۔
عبدالالہ ندا العنزی نے یہ صورتحال دیکھ کر فوری طور پر خاتون کو ہوش میں لانے کی کوشش کی۔ خاتون کے ہمراہ اس کا نواسہ بھی تھا۔
سعودی نوجوان نے انہیں تسلی دی اور پھر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سے رابطہ کیا۔ فوری طور پر ہسپتال کی ایمرجنسی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا۔
ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرائے جانے کے بعد بھی سعودی نوجوان خاتون کی صحت کے حوالے سے متفکر رہے اور وہیں موجود رہے۔
العنزی خاتون کے نواسے کو بھی تسلی دیتے رہے جو بہت گھبرایا ہوا تھا اور مسلسل رو رہا تھا۔
سعودی نوجوان کی بروقت مدد کی بدولت خاتون کی جان بچ گئی۔
آسٹن ہسپتال کے منتظمین نے ہمدردانہ اقدام پرعبدالالہ العنزی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے قابل قدر مثال قائم کی ہے۔
یاد رہے کہ سعود ی نوجوان نے آسٹریلیا کی ڈیکن یونیورسٹی سے حال ہی میں ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں