Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ بس سروس کی مفت سہولت ختم، کرایہ چار ریال مقرر

 حافلات مکہ کی شروعات فروری 2022 میں کی گئی تھی (فوٹو: ایس پی اے)
حافلات مکہ (مکہ بس) پروجیکٹ نے بسوں کے ٹکٹ مقرر کر دیے ہیں جس کے بعد اب کرایہ چار ریال ہوگا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ رائل کمیشن کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’بس سروس کے تجرباتی مراحل کی کامیابی کے بعد مکہ کے رہائشیوں اور زائرین کی سہولت کے لیے باقاعدہ طور پر بس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق حافلات مکہ مختلف زمروں کے لیے پیکیج مہیا کرے گی۔ مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ رائل کمیشن کے ماتحت ٹرانسپورٹ پبلک سینٹر نے کہا ہے مکہ بس سروس استعمال کرنے والوں کے لیے تمام سہولتیں مہیا ہوں گی۔
پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کا معیار بلند کیا جائے گا۔ کوشش ہوگی کہ مکہ بس استعمال کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 مکہ بس سروس استعمال کرنے والے خصوصی ایپ اور آن لائن ٹکٹ حاصل کر سکیں گے۔علاوہ ازیں مکہ مکرمہ میں مختلف مقامات پر ٹکٹ سیلز سینٹر بھی ہوں گے۔
یاد رہے حافلات مکہ کی شروعات فروری 2022 میں کی گئی تھی۔ اکتوبر 2023 تک تجرباتی طور پر بسیں چلائی جاتی رہیں۔
مکہ کے باشندوں اور زائرین کے لیے بارہ روٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ روزانہ چار سو بسوں کے ذریعے 560 کلو میٹر سے زیادہ  کی سفری سہولت مہیا کی گئی ہے۔
438 بس سٹینڈ شہر میں مختلف جگہ پر قائم ہیں۔ اب تک حافلات مکہ سے ایک سو ملین سے زیادہ افراد سفر کر چکے ہیں۔

شیئر: