مملکت میں سیاحتی طیاروں کے پہلے واٹر رن وے کا افتتاح
مملکت میں سیاحتی طیاروں کے پہلے واٹر رن وے کا افتتاح
بدھ 25 اکتوبر 2023 5:44
ریڈ سی کمپنی ’البحر الاحمر‘ اور امالا‘ کو ڈیولپ کررہی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی نے سعودی عرب میں سیاحتی طیاروں کے لیے پہلے واٹر رن وے کا افتتاح کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی کو ریڈ سی فرنٹ میں واقع جزیرہ ’امھات‘ کے لیے واٹر رن وے کو آپریٹ کرنے کا پرمٹ مل گیا ہے۔
ریڈ سی کمپنی پوری دنیا میں سب سے زیادہ تجدد پذیر سیاحتی منصوبوں ’البحر الاحمر‘ اور امالا‘ کو ڈویلپ کر رہی ہے۔
مذکورہ پرمٹ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔ علاوہ ازیں یہ سعودی عرب میں اعلی سیاحتی سیکٹر کے فروغ کی جہت میں اہم قدم ہے۔
ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی کے ماتحت ’فلائی ریڈ سی‘ کمپنی کو سعودی محکمہ شہری ہوابازی کی جانب سے (AOC) سرٹیفکیٹ مل گیا ہے۔ یہ کمپنی سعودی عرب میں آبی طیارے آپریٹ کرنے والی پہلی کمپنی ہے۔ علاوہ ازیں ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی کو ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی ہوائی اڈے (RSI) میں سیکیورٹی آپریشنل سروسز پیش کرنے کا پرمٹ بھی مل گیا ہے۔
محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ عبدالعزیز الدعیلج نے جزیرہ امھات میں واٹر رن وے کے لیے آپریشنل پرمٹ ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی کے سی ای او جان بیگانو کو نائب وزیر سیاحت شہزادی ھیفا بنت محمد بن سعود کی موجودگی میں حوالے کیا۔ اس موقع پر ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی کی مجلس انتظامیہ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر فہد تونسی بھی موجود تھے۔
جزیرہ امھات بحراحمر کا دلکش جزیرہ ہے۔ واٹر رن وے اسی جزیرے میں ہے۔ یہ آبی حسن اور پرکشش فضائی مناظر کا سنگم ہے۔
واٹر رن وے پرواز کے دوران مسافروں کو ریڈ سی فرنٹ کے دلکش مناظر سے لطف اٹھانے کا بھی منفرد موقع فراہم کرے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں