Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فٹبال شائقین نے فیفا کلب ورلڈ کپ ٹرافی کی جھلک دیکھی

بڑی تعداد میں طلبا کو اس کپ کے ساتھ اپنی تصویر لینے کا موقع ملا ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی فٹ بال شائقین کو دسمبر میں ہونے والے مقابلے سے پہلے فیفا کلب ورلڈ کپ ٹرافی دیکھنے کا موقع ملا جب کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے سپورٹس ولیج میں ٹورنامنٹ کا روڈ شو شروع ہوا۔
عرب نیوز کے مطابق فیفا کلب ورلڈ کپ ٹرافی کا دورہ ان منصوبوں کا حصہ ہے جس کا مقصد سعودی عرب کے نوجوانوں میں ایک فعال طرز زندگی کو فروغ دینے کے علاوہ ان میں مقابلے کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔
کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے علاوہ، منصوبہ بند مقامات میں شاپنگ مالز، مقامی اور بین الاقوامی سکول اور دیگر عوامی مقامات جیسے جدہ کورنیش شامل ہیں۔
بڑی تعداد میں مرد اور خواتین طلبا کو اس باوقار کپ کے ساتھ اپنی تصویر لینے کا موقع ملا جو پہلی بار 2005 میں جاپان میں ہونے والے مقابلے میں سامنے آیا تھا۔
کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے میڈیکل کے طالب علم مھند النجار نے روڈ شو میں شرکت کی اور عرب نیوز کو بتایا کہ وہ ٹرافی کو دیکھ کر بہت پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ انہیں امید ہے کہ ان کا پسندیدہ کلب الاتحاد اسے جیتنے کے لیے آگے بڑھے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ میرے اور میرے دوستوں کے لیے ہمارے کیمپس کے احاطے میں ٹرافی پکڑنے کا ایک بہترین موقع ہے‘۔
ایک اور فٹ بال شائقین مروان العمری نے کہا کہ ’ ہم یہاں صرف ٹرافی دیکھنے اور فیفا کلب ورلڈ کپ 2023 کے جذبے میں آنے کے لیے آئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ میں پہلے ہی دو میچوں کے ٹکٹ خرید لیے ہیں۔ امید ہے کہ میں باقی کھیل دیکھ سکوں گا۔ میں اس ٹورنامنٹ کے لیے بہت پرجوش ہوں‘۔
جو ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں ان میں آکلینڈ سٹی، نیوزی لینڈ (اوشینیا چیمپئنز)، الاتحاد، سعودی عرب (میزبان)، ارووا ریڈ ڈائمنڈز، جاپان (ایشیا چیمپئنز)، کلب لیون، میکسیکو (شمالی اور وسطی امریکہ/کیریبین چیمپئنز)، الاحلی، مصر (افریقی چیمپئن) اور مانچسٹر سٹی (یورپی چیمپئنز) شامل ہیں۔
ساتویں اور آخری کوالیفائر کا فیصلہ 4 نومبر کو ہو گا جب 2023 کوپا لیبرٹادورس کا فائنل طے کرے گا کہ کون سا کلب جنوبی امریکہ کی نمائندگی کرتا ہے۔

شیئر: