مدینہ منورہ : زائرین اورسیاحوں کے لیے بس و سائیکل سروس
مدینہ منورہ : زائرین اورسیاحوں کے لیے بس و سائیکل سروس
جمعرات 26 اکتوبر 2023 20:39
مختلف اسٹینڈز پرسائیکلیں بھی کرائے پرفراہم کی جاتی ہیں(فوٹو ایس پی اے)
مدینہ منورہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور میونسپلٹی نے یہاں سپیشل روٹس والی ایکسپریس بس اور سائیکل سروس متعارف کرا کر زائرین، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو نئی سہولت فراہم کردی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق مدینہ میونسپلٹی اور اتھارٹی ان دنوں مقامی شہریوں، زائرین اور سیاحوں کی آسانی کے لیے ایک طرف تو مدینہ منورہ کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانے کے کئی منصوبے نافذ کررہی ہے دوسری جانب سماجی زندگی کا معیار اونچا کرنے اور شہر میں آمد ورفت کے تجربے میں بہتری لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مدینہ منورہ میں مقررہ روٹس والی ایکسپریس بس سروس بی آر ٹی ٹرانسپورٹ کے شعبے کا نیا منصوبہ ہے۔ سروس سے مقامی شہریوں، مقیم غیرملکیوں، زائرین اور سیاحوں کو مصروف ترین مقامات آنے جانے میں سہولت ہورہی ہے۔
بسوں کے لیے 22 سٹینڈز تعمیر کیے گئے ہیں۔ سٹینڈز ایسے مقامات پر قائم کیے گئے ہیں جہاں مقامی شہری اور زائرین کثیر تعداد میں ہوتے ہیں۔
بی آر ٹی میں مدینہ منورہ کا امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مسجد نبوی کے اطراف کا مرکزی علاقہ، حرم ایکسپریس ٹرین سٹیشن، المعرفہ سٹی اور روی المدینہ پروجیکٹ، مدینہ کا مغربی سٹیشن اور سٹیڈیم شامل ہیں۔
بی آر ٹی کی مجموعی مسافت 52 کلو میٹر ہے۔ ایکسپریس بسوں سے ایک گھنٹے میں 1800 افراد کو سفر کی سہولت ہورہی ہے۔
دوسری جانب پرائیویٹ سیکٹرمیں سمارٹ طریقے سے کرایے پر سائیکل فراہم کرنے کا منصوبہ بھی نافذ کیا گیا ہے ۔