Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے کئی شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

جدہ یونیورسٹی میں بھی اتوار کو کلاسز معطل رہیں گی (فوٹو: مکہ مکرمہ گورنریٹ)
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جدہ اور مکہ مکرمہ میں سنیچر کی شام دوسرے دن ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ 
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے’ موسمیات کے قومی مرکز کی رپورٹ کی بنیاد پر اتوار کو مکہ مکرمہ، الجموم ، الکامل، بحیرہ ، جدہ، رابغ اور خلیص کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاہم تدریس کا سلسلہ آن لائن ’مدرستی’ پلیٹ فارم کے ذریعے جاری رہے گا۔ 
جدہ یونیورسٹی میں بھی اتوار کو کلاسز معطل رہیں گی۔
 محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے حوالے سے شہری دفاع اورجدہ میونسپلٹی نے حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے تھے۔
مختلف چوراہوں اورانڈرپاسز پربلدیہ کی ہیوی مشنری اوراضافی عملہ بھی تعینات رہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹا جاسکے۔ 
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سنیچر کی شام مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ ریجن کے پہاڑی اورساحلی علاقے جن میں جدہ  شامل ہے میں بارش کے ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
 بعض مقامات پربارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں گی جس سے شاہراہوں پر حد نگاہ بھی متاثر ہوگی۔ 
 شہری دفاع کے ہنگامی امدادی یونٹس نے حفاظتی اقدامات کے تحت جدہ کے انڈر پاسز پرہنگامی حالت سے نمٹنے کےلیے کشتیاں اور نکاسی آب کے ٹینکرز بھی مہیا کیے ہیں تاکہ انڈرپاسز میں جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کی جاسکے۔  

شیئر: