Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر کو پابندی کرنا ہوگی، امریکہ

واشنگٹن..... وائٹ ہاﺅس میں قومی سلامتی مشیر کی نائب دینا پاول نے واضح کیا ہے کہ قطر کو ریاض سربراہ کانفرنس کے موقع پرجاری ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی پابندی کرنا ہوگی۔ اس کے تحت دستخط کرنے والے فریقوں کو اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ انتہا پسند تنظیموں کی فنڈنگ کے بارے میں ثبو ت مہیا کرینگے اور فنڈنگ کی سرگرمیوں پر نظررکھیں گے۔ پاول نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت دہشتگرد تنظیموں کی مالی اعانت نہ کرنے کا عہد و پیمان کیا گیا ہے۔ اسکا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قطری حکومت کا اس عہد وپیمان پر دستخط کرنا امریکہ کی کامیابی ہے۔ جزیرہ عرب کی یہ چھوٹی سی ریاست انسداد دہشتگردی کی تمام تدابیر سے منحرف ہوتی رہی ہے۔ مفاہمتی یادداشت کی اہمیت یہ ہے کہ اس پر قطر سمیت جن جن ملکوں نے دستخط کئے ہیں ان سب کو اس کی جملہ تفصیلات کی پابندی کرنا ہوگی۔ دوسری جانب الشرق الاوسط کے مطابق امریکہ کے معاون وزیر خارجہ برائے امور مشرق قریب اسٹیورٹ جونز نے کہا ہے کہ امن وامان کے سلسلے میں ہم سعودیوں کے شریک ہیں۔ انہیں اپنی سرحدوں اور علاقے کے تحفظ کیلئے جو ضرورت ہوگی ہم اسے پورا کرینگے۔ ہم امن امور میں شریک اپنے تمام اتحادیوں کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم انکے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کو درپیش کسی بھی خطرے خصوصاً ایران کے عیارانہ اثر و نفوذ سے نمٹنے کیلئے ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ ہمارا خیال ہے کہ شام کے فوجی یا سیاسی حل کیلئے ایران کا شام میں ہونا کوئی معنی نہیں رکھتا۔ ایران دہشتگردانہ خطرات کا سرچشمہ ہے۔

شیئر: