Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان کا آئرلینڈ، پرتگال اور ناروے کے وزرائے خارجہ سے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت پر وزرائے خارجہ کا شکریہ ادا کیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو آئرلینڈ، ناروے اور پرتگال کے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق آئرس وزیر خارجہ مائیکل مارٹن، ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایڈے اور پرتگالی وزیر خارجہ جواو گومز سے رابطے کے دوران شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ اور اس کے گرد ونواج میں فوجی کارروائیوں میں اضافے اورعلاقے کی آبادی کی جبری نقل مکانی روکنے کی کوششوں میں سپورٹ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے علاقے میں انسانی، امدادی اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ وہاں انسانی بحران کو بڑھنے سے روکا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا ’عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ خونریزی بند کرانے، انسانی بحران کو دھماکہ خیز ہونے سے بچانے اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا جامع اور مبنی بر انصاف حل  کرانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے‘۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت پر آئرلینڈ، ناروے اور پرتگال کا شکریہ ادا کیا جس میں غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شیئر: