Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری، 20 سے 25 دنوں کا حج پیکیج متعارف

سرکاری حج سکیم میں 90 ہزار سے زائد عازمین کو رہائش فراہم کرنے کا امکان ہے(فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی نگراں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ’حج 2024 کے لیے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کی سہولت اسلام آباد ایئرپورٹ پر دستیاب ہو گی، 20 سے 25 دنوں کے قیام کا حج پیکیج بھی متعارف کرایا جائے گا جس کی مالیت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ 38 سے 42 دنوں کا حج پیکیج جنوبی ریجن کے لیے 10 لاکھ 65 ہزار روپے اور شمالی ریجن کے لیے 10 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ پیکیج گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے کم ہے۔‘
اردو نیوز کو دستیاب پالیسی جزئیات کے مطابق حج سکیم کے تحت ڈالر کا بوجھ کم کرنے کے لیے آئندہ برس بھی سپانسر شپ سکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئندہ برس حج پر 28 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔ سپانسر شپ سکیم کے تحت 10 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
پالیسی کے مطابق سپانسر شپ سکیم میں حج اخراجات کی رقم ڈالر میں وصول کی جائے گی۔ سپانسر شپ سکیم کے درخواست دہندہ قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سنہ 2024 کے حج کے لیے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔ 50 فیصد کوٹہ سرکاری اور 50 فیصد نجی حج سکیم کے لیے مختص ہو گا۔
سنہ 2024 میں مسافروں کے لیے حج کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے، وفاقی حکومت نے حجاج کے لیے سفر کو مزید قابل رسائی، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے  20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا ہے۔
پالیسی کے تحت سب کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے حج کے تجربے کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری حج سکیم میں 90 ہزار سے زائد عازمین کو رہائش فراہم کرنے کا امکان ہے۔
اس اقدام کا مقصد بھیڑ کو کم کرنا اور اس مقدس سفر پر جانے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ 
حجاج کو اب مدینہ منورہ میں چار سے آٹھ دن کی مدت کے لیے اپنی رہائش کا انتخاب کرنے کی سہولت ہو گی۔ 
ہر حاجی کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ایک بیگ ملے گا جس میں پاکستانی پرچم، آسانی سے شناخت کے لیے ایک کیو آر کوڈ، اور متعلقہ معلومات ہوں گی۔
اس کے علاوہ حکومت حج درخواستوں کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپ شروع کرنے کا بھی سوچ رہی ہے۔  یہ ایپ سے حج کے انتظامی پہلوؤں کو بہتر کرے گی، جس سے عازمین کے لیے درخواست دینے اور اپنے سفر کا انتظام کرنے میں آسانی ہو گی۔

شیئر: