بارش کے دوران عمرہ، وزارت حج کے زائرین کو مفید مشورے
’عمرہ زائرین چھتری ہمراہ رکھیں، زائر خواتین برساتی کا استعمال کریں‘۔ (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے بارش کے دوران عمرہ زائرین کو چند مفید مشورے دیے ہیں۔
سبق ویب کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’ان دنوں بارش کا موسم ہے۔ عمرے کے لیے مسجد الحرام کا رخ کرنے سے قبل زائرین موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کا اہتمام کریں‘۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ ’عمرہ زائرین مسجد الحرام کے خارجی صحن میں پھسلن سے بچاؤ والے چپل استعمال کریں‘۔
’عمرہ زائرین مسجد الحرام آتے وقت چھتری ہمراہ رکھیں اور زائر خواتین برساتی کا استعمال کریں‘۔
واضح رہے حرمین شریفین انتظامیہ نے بھی مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔
بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔