Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت حج وعمرہ کی تیسری سالانہ نمائش جنوری میں ہوگی

تیسری سالانہ نمائش جدہ سپرڈوم میں منعقد کی جائے گی (فوٹو، ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین کی زیرسرپرستی تیسری حج وعمرہ کانفرنس و نمائش کا انعقاد 8 سے 11 جنوری کو جدہ سپرڈوم میں کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے بتایا کہ حج وعمرہ کی تیسری سالانہ کانفرنس اس حوالے سے انتہائی اہم ہوتی ہے کہ اس میں مختلف ممالک سے حج وعمرہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نمائندہ وفود اورسربراہ شرکت کرتے ہیں۔
نمائش کا انعقاد وزارت حج وعمرہ کی زیر نگرانی کیا جاتا ہے جس میں مختلف سرکاری ، نیم سرکاری اورنجی اداروں کے اہم نمائندے شرکت کرتے ہیں۔
نمائش کا مقصد عازمین حج اورعمرہ زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات پرروشنی ڈالنے اور سابقہ تجربے کی بنیاد پرمزید بہتر خدمات پیش کرنے کے لیے تجاویز اکھٹی کرنا ہے۔
سالانہ حج وعمرہ کانفرنس و نمائش میں مختلف موضوعات پربحث کی جاتی ہے جن میں عازمین حج کی رہائش ، ٹرانسپورٹ ، صحت خدمات ، کیٹرنگ سروسز کے علاوہ دیگر فراہم کی جانے والی خدمات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے جس کی روشنی میں آئندہ سیزن کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جاتا ہے۔
واضح رہے گزشتہ برس دوسری سالانہ حج وعمرہ کانفرنس و نمائش میں شرکا کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی جس میں 83 وزیر اوروفود کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔

شیئر: