Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلائی ناس کا نیا ٹریول روٹ، بحرین سے برسلز تک نیٹ ورک کو وسعت

جدہ اور برسلز کے درمیان ہفتے میں تین پروازیں چلائی جائیں گی ( فوٹو: فلائی ناس)
مملکت کی فضائی کمپنی فلائی ناس نے سعودی عرب سے بحرین تک ایک نیا ٹریول روٹ متعارف کرایا ہے۔
ایک بیان کے مطابق ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور بحرین کے درمیان فلائی ناس کی ہفتے میں سات براہ راست پروازیں 15 نومبر 2023 سے شروع کی جائیں گی۔
عرب نیوز کے مطابق اس روٹ کو متعارف کرانے کا فیصلہ سعودی عرب اور بحرین  کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت کے نتیجے میں ہوا ہے۔
معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ایک متحد سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینا ہے۔
فلائی ناس کنیکٹیویٹی پروگرام اور اس کی بین الاقوامی توسیع کے ساتھ جاری شراکت داری کے ایک حصے کے طور پر جدہ اور برسلز کو ملانے والی براہ راست پرواز کا افتتاح کرے گی۔
اس روٹ پر ہفتے میں تین پروازیں چلائی جائیں گی، پہلی پرواز 2 دسمبر کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو گی۔
ایئر کنیکٹیویٹی پروگرام کا قیام 2021 میں سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے کی مدد کے لیے ہوا تھا تاکہ ایئر کنیکٹیویٹی کو بڑھایا اور موجودہ اور ممکنہ ہوائی راستوں کو ترقی دے کر مملکت کو نئی منازل سے جوڑا جا سکے۔
فلائی ناس کے سی ای او اور مینیجنگ ڈائریکٹر بندر الموحنا نے ایک بیان میں کہا کہ ’جدہ کو برسلز سے جوڑنے والی اس نئی منزل کے اضافے کے ساتھ فلائی ناس عالمی سطح پر ایک معروف کم لاگت والی ایئر لائن کے طور پر اپنی پوزیشن کو مضبوط بنا رہی ہے۔‘
ایئر کنیکٹیویٹی پروگرام کے سی ای او علی رجب نے کہا کہ ’یورپ سعودی عرب کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے۔ گزشتہ سال فلائی ناس کے ذریعے مارسیل جدہ روٹ کے کامیاب آغاز کے بعد برسلز کے لیے اس نئے روٹ کا تعارف یورپ کے ساتھ فضائی رابطے کو بڑھانے کے لیے ہمارے جاری عزم میں ایک اہم قدم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم مقامی اور بین الاقوامی دونوں ایئر لائنز کے ساتھ تعاون کر کے یورپی مسافروں کے لیے مملکت تک بہتر رسائی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بے چین ہیں۔‘
فلائی ناس نے بحرین اور برسلز کے روٹس کے علاوہ دیگر منازل کی ایک رینج کی نقاب کشائی کی ہے۔
فلائی ناس یکم دسمبر سے سعودی عرب کے اندر مدینہ سے ابہا اور تبوک کے لیے دو مقامی روٹس شروع کرے گی۔
ایئر لائن بین الاقوامی سطح پر مدینہ سے دبئی، عمان اور بغداد کے ساتھ ساتھ استنبول اور انقرہ کے لیے پانچ نئے روٹس بھی شروع کرے گی۔
واضح رہے کہ فلائی ناس کو گزشتہ ماہ کے دوران اے 320 نیو ساخت کے پانچ طیارے مل تھے جس کے بعد اس کے بیڑے میں شامل طیاروں کی تعداد 65 ہو گئی تھی۔
فلائی ناس نے طیاروں کی تعداد کے حوالے سے گزشتہ دو برسوں کے دوران سو فیصد سے زیادہ شرح نمو حاصل کی ہے۔
فلائی ناس سعودی محکمہ شہری ہوا بازی کی قومی حکمت عملی اور سعودی عرب کو پوری دنیا سے جوڑنے کے سلوگن پر کام کر رہی ہے۔
اس کے تحت 2030 تک 330 ملین عام مسافروں اور سو ملین سیاحوں کو فضائی سروس فراہم کرنے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔ 250 سے زیادہ ائیرپورٹس کے لیے فضائی سروس مہیا  کی جائے گی۔
فلائی ناس کا سال رواں کے دوران اے 320 نیو کے 19 طیارے شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔ اب تک گیارہ طیارے مل چکے ہیں۔

شیئر: