امارات، امریکہ تجارت و سرمایہ کاری تعلقات پر تبادلہ خیال
امارات، امریکہ تجارت و سرمایہ کاری تعلقات پر تبادلہ خیال
جمعرات 2 نومبر 2023 16:13
سائنس اور ٹیکنالوجی کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ فوٹو گیٹی امیج
امریکہ اور متحدہ عرب امارات نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کے لیے 10 ویں اقتصادی پالیسی مکالمہ فورم کا انعقاد کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تقریب میں امریکی انڈر سیکرٹری برائے اقتصادی ترقی، توانائی و ماحولیات جوز فرنانڈیز اور امارات کی وزارت خارجہ میں معاون وزیر برائے اقتصادی و تجارتی امور سعید الحجری نے مشترکہ صدارت کی۔
تقریب میں فرنانڈیز اور الحجری نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطی اور شمالی افریقہ (مینا) کے علاقے میں سب سے بڑا امریکی تجارتی شراکت دار ہے۔
ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ صرف 2022 میں امریکی برآمدات میں 20 بلین ڈالر سے زیادہ کی تجارت ہوئی۔
دو طرفہ تجارتی تعلقات اب 50 امریکی ریاستوں اور امارات کی تمام سات ریاستوں تک پھیل گئے ہیں اور گذشتہ سال اس شعبے میں 137000 سے زیادہ ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔
سعید الحجری نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی امریکہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اب 38 بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔
فرنانڈیز نے بتایا کہ 1500 سے زیادہ امریکی کمپنیاں اب متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں جن میں بھاری تعمیرات سے لے کر توانائی اور ریٹیل کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر فریقین نے امارات میں ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کی اہمیت اور دیگر مشترکہ اہداف اور خدشات سے اس کی مطابقت پر روشنی ڈالی۔
وفود نے خواتین کو بااختیار بنانے کے علاوہ صحت، خوراک اور توانائی کے تحفظ اور ڈیجیٹل معیشت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
متحدہ عرب امارات کے وفد نے امریکی حکومت کو ماحولیات اور آب و ہوا کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے ایک حصے کے طور پر مینگروو الائنس فار کلائمیٹ میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔
تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کے حوالے سے سعید الحجری نے بتایا کہ فروری 2024 میں عالمی تجارتی تنظیم کی 13ویں وزارتی کانفرنس کی متحدہ عرب امارات میزبانی کرے گا۔