خلیجی، مصری وزرائے خارجہ اور فلسطینی حکام آج بلنکن سے ملاقات کریں گے
عرب وزرا امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات سے قبل ایک اجلاس بھی کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
اردن نے کہا ہے کہ وہ سنیچر کو امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن، سعودی، قطری، اماراتی اور مصری وزرائے خارجہ کے درمیان ایک ملاقات کی میزبانی کرے گا جس میں فلسطینی حکام بھی شرکت کریں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارتی سطح پر مذاکرات کے دوران عرب موقف جس میں فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی خطرناک صورتحال کو ختم کرنے والے طریقوں پر زور دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے عرب وزرا بلنکن سے ملاقات سے قبل ایک اجلاس کریں گے جس کا مقصد سفارتی مہم کے ایک حصے کے طور پر اسرائیل پر فوجی مہم جوئی ختم کرنے اور دباؤ ڈالنے کے لیے بڑی طاقتوں کے ساتھ لابنگ کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ رابطہ اجلاس غزہ پر اسرائیلی جنگ کے خاتمے کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو انسانی تباہی کا باعث بن رہی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں نو ہزار 200 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ زخمیوں کی تعداد 23 ہزار سے زائد ہے۔
دوسری جانب زمینی کارروائی کے آغاز سے ابھی تک غزہ میں اسرائیل کے 24 فوجی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ لبنان کے ساتھ سرحد پر مختلف واقعات میں ایک شہری اور سات اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔