کیا بابر اعظم نے انڈیا میں سات لاکھ روپے کی شیروانی خریدی؟
کیا بابر اعظم نے انڈیا میں سات لاکھ روپے کی شیروانی خریدی؟
منگل 7 نومبر 2023 12:43
پاکستان ٹیم سنیچر کو انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کا آخری میچ کھیلے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم جہاں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگانے میں مصروف ہے وہیں اس میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں کی کرکٹ کے میدان سے باہر بھی سرگرمیاں جاری ہیں۔
اس ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی انڈیا میں خوب مہمان نوازی کی جا رہی ہے۔
پاکستانی کھلاڑی انڈیا میں بطور مہمان انواع و اقسام کے پکوانوں سے لطف اندوز رہے ہیں تاہم کچھ روز قبل انٹرنیٹ پر گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم کے حوالے سے ایک خبر گردش کرنا شروع ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کپتان نے انڈیا میں شادی کے لیے سات لاکھ انڈین روپے کی شیروانی خریدی ہے۔
اس مبینہ خبر کے سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد بابر اعظم کی جانب سے اس بات کی حتمی طور پر تردید کی گئی ہے کہ انہوں نے انڈیا میں ایسی کوئی شیروانی نہیں خریدی۔
بابر اعظم نے اپنی سپانسرڈ کمپنی سایہ کارپوریشن کی پوسٹ کو انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم میڈیا کے کچھ مخصوص پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی اس خبر کی مکمل تردید کرتے ہیں جس میں اس بات کا دعویٰ کیا گیا ہے کہ کپتان بابر اعظم نے جاری ورلڈ کپ میں کپڑوں اور زیورات کی شاپنگ کی ہے۔‘
اس سٹوری میں مزید لکھا گیا کہ ’یہ خبر بابر اعظم کے لیے بھی حیرت انگیز ثابت ہوئی ہے۔ ہم مکمل طور پر ان بے بنیاد دعوؤں کی نفی کرتے ہیں اور میڈیا کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسی خبریں، بے بنیاد خبریں اور پروپیگینڈا پھیلانے سے پہلے اُس کی تصدیق کر لیا کریں۔‘
دوسری جانب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں روشن ہیں۔
پاکستان ٹیم سنیچر کو انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کا آخری میچ کھیلے گی جس میں گرین شرٹس کو ہر صورت فتح حاصل کرنا ہوگی۔