Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کی 29 ویں سالگرہ، ’نئے عہد کے ہر فارمیٹ کے سپرسٹار‘

بابر اعظم 111 میچوں میں اب تک 5474 رنز بنا چکے ہیں جس میں 19 سینچریاں اور 29 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آج اپنی 29 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
بابر اعظم کو کرکٹ پاکستان کے موجود عہد کا سب سے بڑا بیٹر کہا جاتا ہے جبکہ اس وقت پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم ہی سب سے زیادہ سٹارڈم والے کھلاڑی ہیں جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں اپنی پہچان رکھتے ہیں۔
بابر اعظم نے پاکستانی ٹیم کے لیے اپنے کیریئر کا آغاز سنہ 2015 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز سے کیا جس کے بعد انہوں نے تینوں فارمیٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی۔
اگر برتھ ڈے بوائے کے کرکٹ کیرئیر پر نگاہ ڈالی جائے تو وہ اب تک 49 ٹیسٹ میچوں میں 3772 رنز بنا چکے ہیں جس میں 9 سینچریاں اور 26 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔
اسی طرح ون ڈے فارمیٹ میں بابر اعظم 111 میچوں میں اب تک 5474 رنز بنا چکے ہیں جس میں 19 سینچریاں اور 29 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں جبک ون ڈے کرکٹ میں اُن کی اوسط 57 کی ہے۔
صرف یہ ہی نہیں، بابر اعظم ٹی20 کرکٹ میں اب تک 104 میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے اب تک 3485 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹی20 فارمیٹ میں اُن کی تین سینچریاں اور 30 نصف سینچریاں ہیں۔ اُن کی اِس فارمیٹ میں اوسط 41 کی ہے۔
بابر اعظم اس وقت آئی سی سی کرکٹ رینکنگ میں ون ڈے فارمیٹ میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں اُن کا چوتھا نمبر ہے۔
پاکستانی کپتان کے پاس ورلڈ کرکٹ کے کئی ریکارڈ اور اعزاز بھی ہیں۔
بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں بطور کپتان تیز ترین دو ہزار رن بنانے والے کھلاڑی ہیں جبکہ اسی طرح وہ ون ڈے فارمیٹ میں تیز ترین پانچ ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی ہونے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔
انہوں نے 97 اننگز میں پانچ ہزار سکور اپنے کھاتے میں شامل کیے تھے۔
بابر اعظم پہلے پاکستانی کپتان تھے جن کی کپتانی میں پاکستان نے انڈیا کو آئی سی سی ورلڈ کپ (ٹی20 ورلڈ کپ 2021) کے میچ میں شکست دی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم کی اوسط 47.74 کی ہے۔ (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)

اسی طرح بابر اعظم ایک ملک میں پانچ سینچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔ انہوں نے یو اے ای میں پانچ سینچریاں بنائی ہوئی ہیں۔
بابر اعظم دو مرتبہ آئی سی سی ون ڈے کرکٹر ہونے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں جبکہ 2022 انہوں نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
اس کے علاوہ وہ دنیا کے واحد بیٹر ہیں جو ون ڈے فارمیٹ میں لگاتار دو مرتبہ تین سینچریاں بنا چکے ہیں۔
کرکٹ میں اُن کی خدمات کے عوض انہیں پاکستان کی حکومت نے 2023 میں ستارہ امتیاز سے بھی نواز تھا۔
بابر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر انہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی مبارک باد دی جا رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کے ریکارڈ اور اعزازات کی فہرست جاری کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارک باد دی۔
 
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ نے بابر اعظم کے لیے اپنی تعریفی ٹویٹ میں لکھا کہ ’دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک۔ ہم پاکستان ٹیم کے سٹار بابر اعظم کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہیں۔‘
 
کرک اِنفو نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’بابر اعظم آج 29 برس کے ہوگئے۔ نئے عہد کے ہر فارمیٹ کے سپرسٹار۔‘
 

 

شیئر: