Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یادگار اننگز: ڈبل سینچری بنا کر اکیلے میکسویل نے افغانستان سے فتح چھین لی

گلین میکسویل نے انجری کے باوجود ڈبل سینچری سکور کی (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلیا، افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔
آسٹریلیا نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 292 رنز کا ہدف 47 ویں اوورمیں گلین میکسویل کی شاندار ڈبل سینچری کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
منگل کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل افغانستان کی ممکنہ شاندار فتح کے سامنے دیور بن کر کھڑے ہوگئے۔ 
انجری کا شکار ہونے کے باوجود انہوں نے افغان بولرز کو تگنی کا ناچ نچایا اور وکٹ کے چاروں طرف خوب صورت شاٹس کھیل کر ڈبل سینچری سکور کی۔
میکسویل نے 128 گیندوں پر 201 بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
انجری کی وجہ سے وہ دوڑ کر کئی یقینی سنگلز اور ڈبلز نہ لے سکے اور چوکوں اور چھکوں کی مدد سے ہی ٹیم کا مجموعی سکور آگے بڑھاتے رہے۔
ایک وقت میں آسٹریلیا کی سات وکٹیں 91 رنز پر گر گئی تھی اور یوں لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم جلدی پویلین لوٹ جائے گئی، تاہم گلین میکسویل نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ آسٹریلیا کی جیت کی امیدیں برقرار رکھیں۔
گلین میکسویل اور پیٹ کمنز کے درمیان 202 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس میں پیٹ کننز کے صرف 12 رنز شامل تھے جبکہ انہوں نے 68 گیندوں کا سامنا کیا۔
اس سے قبل افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد افغان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر ابراہیم زدران نے سینچری سکور کرتے ہوئے 143 گیندوں پر 129 رنز بنائے جبکہ راشد خان نے 35 اور رحمت شاہ نے 30 رنز بنائے۔

گلین میکسویل اور پیٹ کمنز کے درمیان 202 رنز کی شراکت قائم ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے جوش ہیزل وُڈ نے دو جبکہ مچل سٹارک اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ دونوں ٹیموں کا ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر آٹھواں میچ تھا۔
اس میچ کے لیے آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں جس کے بعد سٹیو سمتھ کی جگہ مچل مارش اور کیمرون گرین کی جگہ گلین میکسویل کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
اسی طرح افغانستان نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی جس کے بعد فضل حق فاروقی کی جگہ نوین الحق کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔
اس میچ سے قبل افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک ون ڈے کرکٹ میں تین میچز کھیلے گئے تھے جس میں تینوں مرتبہ آسٹریلیا کو فتح حاصل ہوئی تھی۔
افغانستان کے خلاف جیت کے بعد ورلڈ کپ میں آسٹریلیا 6 میچز میں کامیابی کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ افغانستان 9 میچز کھیل کر 8 ہی پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

افغانستان کے اوپننگ بیٹر ابراہیم زدران نے سینچری سکور کرتے ہوئے 143 گیندوں پر 129 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون
آسٹریلیا کی ٹیم میں ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، مارنس لبوشین، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، گلین میکسویل، مارکس سٹوئنس، پیٹ کمنز (کپتان)، مچل سٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل وُڈ شامل تھے۔
افغانستان کی پلینگ الیون
افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گُرباز، ابراہیم زدران، حشمت اللہ شہیدی (کپتان)، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمرزئی، اکرام علی خِیل (وکٹ کیپر)، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد اور نوین الحق کو شامل کیا گیا تھا۔

شیئر: