Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک اوور میں چھ چھکے مارنے والا امریکی کھلاڑی لاہور قلندرز کے لیے کھیلنے کو تیار

جسکارن سنگھ ملہوترا نے امریکہ کی اب تک 18 ون ڈے اور 17 ٹی20 میچوں میں نمائندگی کی ہے۔ (فوٹو:
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپیئن ٹیم لاہور قلندرز کے لیے امریکی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر جسکارن سنگھ ملہوترا نے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
جسکارن سنگھ ملہوترا انڈین نژاد امریکی کرکٹر ہیں جنہوں نے امریکہ کی قومی ٹیم کی اب تک 18 ون ڈے اور 17 ٹی20 میچوں میں نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے بالترتیب 429 اور 267 رنز بنائے ہیں۔
جسکارن سنگھ ملہوترا کو کرکٹ کی دنیا میں تب شہرت ملی جب انہوں نے 2021 میں پاپوا نیو گنی کے خلاف مسقط میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے۔
اس کے بعد امریکی وکٹ کیپر نے ایک مرتبہ پھر پیر کو ایک مقامی ٹورنامنٹ میں 6 گیندوں پر 6 چھکے رسید کیے جس کے بعد اُن کی آواز لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور مینیجر ثمین رانا تک پہنچ گئی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک صارف نے ثمین رانا کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھائی میں نے سنا ہے کہ لاہور قلندرز کو ایک جارحانہ وکٹ کیپر کی ضرورت ہے۔ براہ کرم یہ دیکھیے۔‘
 
اس کے جواب میں جسکارن سنگھ ملہوترا نے لکھا کہ ’میں لاہور قلندرز کے لیے کھیلنا پسند کروں گا۔‘
 
جسکارن کی ٹویٹ پر ثمین رانا نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’لاہور قلندرز میں دلچسپی لینے کا شکریہ۔ براہ کرم اگلے ڈرافٹ میں اپنا نام رجسٹر کریں، ہم آپ کو دیکھیں گے لیکن ٹیم میں سلیکٹ کرنے کی گارنٹی نہیں ہے کیونکہ سلیکشن کئی معاملات کو دیکھ کر کی جاتی ہے جس میں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کا توازن دیکھا جاتا ہے۔ ڈرافٹ کے لیے نیک تمنائیں۔‘
 
اس کے جواب میں جسکارن نے لکھا کہ ’جواب دینے کا شکریہ پاجی (بھائی جان)، بالکل میں رجسٹریشن کراؤں گا اور محنت جاری رکھوں گا۔‘
 
خیال رہے جسکارن سنگھ ملہوترا امریکہ کی ٹی20 لیگ ’میجر لیگ کرکٹ‘ (ایم ایل سی) کی فرنچائز لاس انجیلس نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں جبکہ کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں سینٹ لوشیا کنگز کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

شیئر: