شکیب کی اپیل سے قبل اینجلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ کے خدشے سے آگاہ کردیا گیا تھا: رپورٹ
بدھ 8 نومبر 2023 15:11
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اینجلو میتھیوز کرکٹ کی تاریخ میں ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز جب پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کرنے میدان میں داخل ہوئے تو وہ اس بات سے بخوبی آگاہ تھے کہ انہیں ’ٹائم آؤٹ‘ کے خطرے کا سامنا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق انہیں معلوم ہوا ہے کہ سدیر سماراورکرما کے آؤٹ ہونے کے بعد جیسے ہی اینجلو میتھیوز گراؤنڈ میں داخل ہوئے انہیں امپائر رچرڈ ایلنگورتھ کی جانب سے آگاہ کر دیا گیا تھا کہ اُن کے پاس اپنی پہلی گیند کا سامنا کرنے کے لیے صرف 30 سیکنڈز بچے ہیں۔
لیکن وکٹ پر بیٹنگ کے لیے آنے کے بعد اُن کے ہیلمٹ میں خرابی پیدا ہوگئی جس کے باعث وہ دو منٹ کے اندر اپنی پہلی گیند کا سامنا نہ کر سکے اور کرکٹ کی تاریخ میں ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے والے پہلے انٹرنیشنل کھلاڑی بن گئے۔
نئی دہلی میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں سری لنکا کی شکست کے بعد اینجلو میتھیوز کا کہنا تھا انہوں نے کچھ ’غلط‘ نہیں کیا اور میچ آفیشلز کو ’کامن سینس‘ کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق وکٹ گرنے کے بعد نئے آنے والے بیٹر کو دو منٹ کے اندر اپنی پہلی گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں اُسے ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دے کر پویلین واپس بھیجا جا سکتا ہے۔
پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اینجلو میتھیوز وکٹ گرنے کے 10 سیکنڈز بعد گراؤنڈ میں بیٹنگ کرنے کے لیے داخل ہوئے اور انہوں نے کریز پر آتے ہی اپنے ساتھی بیٹر چرتھ اسالانکا سے بات کی اور اُسی وقت امپائر رچرڈ ایلنگورتھ نے انہیں آگاہ کیا کہ اُن کے پاس اپنی اننگز کی پہلی گیند کا سامنا کرنے کے لیے صرف 30 سیکنڈ بچے ہیں۔
تقریباً ایک منٹ 55 سیکنڈ گزر جانے کے بعد جب اینجلو میتھیوز بیٹنگ کی تیاری کر رہے تھے تو اُن کے ہیلمٹ کا ایک ٹکڑا ٹوٹ کر اُن کے ہاتھ میں آگیا۔
کرک اِنفو کے مطابق اینجلو میتھیوز نے آن فیلڈ امپائرز ماریاس ایرسمس اور رچرڈ ایلنگورتھ کو مطلع کیے بغیر پویلین کی طرف اشارہ کرکے دوسرا ہیلمٹ منگوایا جب کہ ہونا یہ چاہیے تھے کہ سری لنکن آلراؤنڈر پہلے امپائرز کو ہیلمٹ تبدیل کرنے کے حوالے سے مطلع کرتے تاکہ میچ آفیشلز کی جانب سے ٹائم کو مینج کرنے کی کوشش کی جاتی۔
جب دوسرا ہیلمٹ اینجلو میتھیوز کے پاس پہنچا تو اُس وقت سمارا وکرما کی وکٹ گُرے ہوئے ڈھائی منٹ سے زیادہ کا وقت گزر چکا تھا جس کے بعد بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے امپائر سے سری لنکن آلراؤنڈر کو ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دینے کی اپیل کی۔
میچ کے اختتام کے بعد اینجلو میتھیوز کا اپنے دفاع میں کہنا تھا کہ وہ اپنے ہیلمٹ کی خرابی کے باعث مقررہ وقت میں اپنی اننگز کی پہلی گیند کھیلنے کو تیار نہیں ہو سکے تھے اور یہ سیفٹی کا معاملہ تھا جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا تھا۔