کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا واقعہ: اینجلو میتھیوز ’ٹائمڈ آؤٹ‘ ہوگئے
اینجلو میتھیوز مقررہ وقت پر میدان میں پہنچنے میں ناکام رہے (فوٹو: اے ایف پی)
بین الاقوامی کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں پہلا اور اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔ سری لنکن آل راؤنڈر اور سابق کپتان اینجلو میتھیوز کو وقت پر وکٹ پر نہ پہنچنے کے باعث ’ٹائمڈ آؤٹ‘ کر دیا گیا۔
اینجلو میتھیوز پیر کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ 2023 کے میچ کے دوران بین الاقوامی کرکٹ میں ٹائمڈ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
قانون کے مطابق وکٹ گرنے کے بعد نئے بیٹسمین کو تین منٹ کے اندر وکٹ پر پہنچنا ہوتا ہے لیکن اینجلو میتھیوز ایسا کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے انہیں ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بیٹنگ کے لیے باہر نکلتے ہی میتھیوز کے ہیلمٹ کا سٹریپ ٹوٹ گیا۔ جب وہ متبادل کا انتظار کر رہے تھے تو شکیب نے اپیل کر دی اور میتھیوز کو آؤٹ قرار دے دیا گیا۔ جب ایک بار شکیب الحسن نے فیصلے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تو امپائر کچھ نہیں کر سکتے تھے۔
شکیب الحسن کے سدیرا سمارا وکرما کو آؤٹ کرنے کے بعد میتھیوز بیٹنگ کے لیے آئے تھے۔ سدیرا سمارا وکرما نے 42 گیندوں پر 41 رنز بنائے تھے۔
ایم سی سی رول بُک کے مطابق بیٹسمین کو تین منٹ کے اندر وکٹ پر پہنچنا ہوتا ہے، اگر بیٹر ایسا کرنے میں ناکام رہے تو آنے والا بلے باز آؤٹ ہو جائے گا، ٹائمڈ آؤٹ ہو جائے گا۔
اس سے قبل ایسا صرف فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھ مرتبہ ہو چکا ہے اور بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی بار ہوا ہے۔